سینیٹر روبینہ خالد کا سینٹ میں بعض چینلز پر جعلی عاملوں اور سگریٹ نوشی کے اشتہارات بند کرنے کا مطالبہ

بدھ 22 اکتوبر 2014 16:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 اکتوبر۔2014ء)پیپلزپارٹی کی سینیٹر روبینہ خالد نے سینٹ کے اجلاس میں بعض چینلز پر جعلی عاملوں اور سگریٹ نوشی کے چلائے جانیوالے اشتہارات بند کرنے کا مطالبہ کر دیا۔بدھ کے روز نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے ایوان کی توجہ میڈیا کے بعض چینلوں کی جانب سے جعلی عاملوں اور سگریٹ نوشی کے اشتہارات کی جانب مبذول کرواتے ہوئے پیمرا سے فوراً ایسے اشتہارات کو بند کروانے کا مطالبہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں نوعمر افراد کی سگریٹ نوشی پر پابندی عائد ہے حتیٰ کہ سگریٹ یا تمباکو نوشی مضر صحت ہے تاہم ہر دوسرے چینل پر اس کے اشتہارات چلائے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رات گئے بعض چینلوں پر عامل اور جادو ٹونے کے اشتہارات سرعام ان عاملوں کے پتہ اور ٹیلیفون نمبروں کیساتھ چلائے جاتے ہیں جوکہ معاشرے کیلئے زہر قاتل ہے۔

(جاری ہے)

بساء اوقات ان میں ایسی باتیں بھی پیش کی جاتی ہیں کہ دیکھنے والوں کے سر شرم سے جھک جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عاملوں کیساتھ جعلی حکیموں اور ڈاکٹروں کے اشتہارات کی بھی بھرمار ہے تاہم کوئی پوچھنے یا نوٹس لینے والا نہیں ہے جوکہ افسوسناک ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیمرا فوری طور پر تمباکو نوشی‘ جعلی پیروں‘ عاملوں‘ حکیموں اور ڈاکٹروں کے اشتہارات کا نوٹس لے اور ان پر پابندی عائد کرکے ان کا سدباب کرے۔