نیویارک میں ایبولا کے پہلے مریض کی تصدیق

جمعہ 24 اکتوبر 2014 12:31

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 اکتوبر۔2014ء)امریکی شہر نیویارک میں حکام نے کہاہے کہ حال ہی میں مغربی افریقی ملک گنی کا سفر کرنے والے ایک ڈاکٹر کے ایبولا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔متاثرہ ڈاکٹر کریگ سپنسر امدادی تنظیم میڈیسنز سانز فرنٹیئیرز (ایم ایس ایف) کیلئے کام کرتے ہیں اور ان کی طبیعت گزشتہ روز خراب ہوئی۔امریکہ کے سب سے بڑے شہر نیویارک میں ایبولا کا یہ پہلا معاملہ ہے۔

(جاری ہے)

یہ مہلک وائرس رواں برس مارچ سے اب تک دنیا بھر میں 4800 سے زیادہ افراد کو اپنا شکار بنا چکا ہے اور مرنے والوں کی زیادہ تعداد کا تعلق مغربی افریقی ممالک لائبیریا، گنی اور سیئیرالیون سے تھا۔طبی حکام کے مطابق ڈاکٹر سپنسر بخار اور اسہال کا شکار ہوئے اور انھیں کروائے جانے کے فوری بعد دیگر مریضوں سے الگ کر دیا گیا۔محکمہ صحت کے حکام اب نیویارک میں ان سے رابطے میں رہنے والے افراد کی تلاش کر رہے ہیں تاکہ یہ تصدیق کی جا سکے کہ کوئی اور شخص تو ڈاکٹر سپنسر کی وجہ سے اس مرض میں مبتلا تو نہیں ہوا۔طبی ماہرین کے مطابق ایبولا کے مریض سے بیماری اسی وقت دوسرے شخص کو لگ سکتی ہے جب اس میں ایبولا کی علامات واضح ہوں اور یہ مرض جسمانی رطوبتوں سے ہی پھیل سکتا ہے۔