فارما اسیسٹ سینٹر صحت مند معاشرے قیام کی طرف اہم قدم ہے، سید جمشید احمد

جمعہ 24 اکتوبر 2014 16:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 اکتوبر۔2014ء)فارما اسسیسٹ سینٹر کے قیام کا مقصد معاشرتی ذمہ داری کے ساتھ صحت مند معاشرہ کے قیام کی منزل کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ یہ بات نجی دوا ساز کمپنی فارمیوو کے سربراہ سید جمشید احمد نے کراچی پریس کلب میں سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ماہر امراض اطفال پروفیسر عبدالغفار بلو، انڈس اسپتال کے روح رواں ڈاکٹر عبدالباری، کراچی یونیورسٹی کے شعبہ ماریسی کی ڈین ڈاکٹر غزالہ رضوانی اور ڈاکٹر عبید علی بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید جمشید احمد نے کہا کہ مجوزہ سینٹر دوا کے طریقہ استعمال اور پوائزن کنٹرول کے متعلق اہم معلومات فراہم کرے گا۔ اس سینٹر کے قیام کا مقصد طبی شعبہ سے وابستہ تمام افراد اور عوام الناس میں دوا کے صحیح استعمال سے بہتر نتائج حاصل کرنے سے متعلق آگاہ پیدا کرنا ہے تاکہ صحت عامہ کے جملہ مسائل کے متعلق لوگوں میں شعور پیدا ہو۔

(جاری ہے)

تمام کالز ایک ماہر اور تجربہ کار فارماسسٹ وصول کرے گا جو خصوصاً اس ذمہ داری پر مامور ہوگا اور اس کے جواب میں دی جانے والی تمام معلومات مستند حوالوں سے حاصل شدہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کی بہتری سے متعلق تمام ڈاکٹر فارماسسٹ، نرسیں اور دیگر عملہ اس سینٹر سے رجوع کرسکتے ہیں، یہ سہولت بالکل مفت فراہم کی جائے گی جس کے لئے ایک ٹول فری نمبر مختص ہوگا اور یہ سینٹر عوام کی بہتری اور بھلائی سے متعلق شعور پیدا کرے گا۔

تعارفی تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر اعجاز ظفر ای ڈی او ہیلتھ کراچی نے سینٹر کے قیام کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا، انہوں نے کہا کہ جس سے نہ صرف صحت عامہ کے سلسلے میں فارماسسٹ کی اہمیت واضح ہوگئی بلکہ دواوٴں کے استعمال پر مفید معلومات اور پوائزن کنٹرول کے حوالے سے اہم معلومات سے بہت سی زندگیاں بچائی جاسکیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی نجی ادارے کی طرف سے ایسے کسی بھی شعبے کا قیام ایک بہتر معاشرے کی تشکیل میں حکومت کی معاونت کرے گا۔ قبل ازیں پروجیکٹ منیجرامیمہ مزمل نے سینٹر کے قیام کی وجوہات اور کام کرنے کے طریقہ پر روشنی ڈالی۔ تقریب سے ڈاکٹر پروفیسر عبدالغفار بلو، ڈاکٹر عبدالبار اور ڈاکٹر عبید علی نے بھی خطاب کیا۔