ضلع سرگودہا میں 31 اکتوبر تک اینٹی ہپاٹائٹس ویک منانے کیلئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں،ای ڈی او ہیلتھ

ہفتہ 25 اکتوبر 2014 23:26

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اکتوبر 2014ء)ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر نذیر عاقب نیکوکارہ نے کہا ہے کہ ضلع سرگودہا میں 31 اکتوبر تک اینٹی ہپاٹائٹس ویک منانے کیلئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔ ہیپاٹائٹس سے بچاؤ کیلئے احتیاط بنیادی اہمیت رکھتی ہے ۔ یہ مرض مہلک لیکن قابل علاج او رمہنگا ہے ۔ ایک سروے کے مطابق ہمارے ملک میں ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کی اوسطا تعداد پانچ اور ہیپاٹائٹس بی کے مریض ڈھائی فیصد ہے ۔

جس میں تیز ی سے اضافہ ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے ۔ انہوں نے یہ بات ہفتہ انسداد یرقان کے سلسلہ میں میڈیا کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے بتائی ۔ اس موقع پر پروگرام کے کوارڈی نیٹر ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ ‘ چیف فزیشن ڈاکٹر ملک محمد خان ‘ ڈاکٹر محمد ریاض او رڈاکٹر اسد اسلم کے علاوہ دیگر متعلقہ ڈاکٹرز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ای ڈی او ہیلتھ نے بتایا کہ ضلعی محکمہ صحت نے ہفتہ انسداد یرقان کے بارے میں عوام الناس میں شعور او رآگاہی پیدا کرنے کے فول پروف انتظا مات کئے ہیں ۔

اس سلسلہ میں اس ہفتہ کے دوران ڈاکٹر ز کے علاوہ پیرا میڈیکل سٹاف کی بڑی تعداد حصہ لے گی ۔ 27 اکتوبر کو ایوان اقبال لاہور میں ہیپاٹائٹس کانفرنس میں سرگودہا سے 34 ڈاکٹر ز شرکت کریں گے ۔ا س دوران بنیادی مراکز صحت ‘ رورل ہیلتھ سنٹرز ‘ تحصیل اور ضلعی ہیڈکوارٹر ز ہسپتالوں میں آگاہی پروگراموں کے سلسلہ میں سیمینار‘ واک اور ریلیاں منعقد کرنے کیلئے شیڈول جاری کر دیاہے ۔

شیڈول کے مطابق 28 اکتوبر کو ڈی ایچ کیو ہسپتال‘ 29 اکتوبر کو تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں اور30 اکتوبر کو رورل اور بیسک ہیلتھ یونٹس پر آگاہی سیمینار ‘ واکس او ردیگر پروگرام منعقد ہوں گے ۔ ہسپتالوں میں آگاہی مہم کے سلسلہ میں بینرز ‘ پوسٹرز او رپمفلٹ تقسیم کئے جائیں گے ۔ ای ڈی او ہیلتھ نے بتایاکہ ملک کاہر چھٹا شخص ہیپاٹائٹس کے مرض کا شکار ہے جس کے بچاؤ کیلئے احتیاطی اقدامات انتہائی ضروری ہیں جس میں ڈسپوز ایبل سرنج کا استعمال کرنا چاہیے۔

حجام کے استرے سے پرہیز ‘ بیماری کی صورت میں انتقال خون اور ازواجی تعلقات میں احتیاط ‘ فٹ پاتھوں پر عطائیوں کے ذریعے دانتوں کے علاج سے بچنے کے ساتھ ساتھ ایک ہی نیل کٹر سے کئی افراد کے ناخن کاٹنے سے پرہیز ضروری ہے ۔ اسی طرح ہسپتالوں کے ویسٹ کو تکنیکی طریقے سے ٹھکانے لگانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔