پاکستانی ایک سال میں 250 ارب روپے کی سگریٹ پی گئے

پیر 27 اکتوبر 2014 12:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 اکتوبر۔2014ء)کہاوت مشہور ہے کہ سگریٹ کے ایک سرے پرآگ اور دوسرے پر بے وقوف ہوتا ہے لیکن پاکستانی اس بات کو خاطر میں لانے پر تیار نہیں ، شاید یہی وجہ ہے کہ پاکستانیوں نے گذشتہ مالی سال میں 250 ارب روپے سگریٹ کے دھوئیں میں اڑادیئے۔اسٹیٹ بینک کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ مالی سال 2013-14میں پاکستانیوں نے 250 ارب روپے کے سگریٹ پیئے۔

اس مالیت کے پتا ہے کتنے سگریٹ خریدے گئے ‘ 64 ارب 48 کروڑ سگریٹ ‘ ایک کے بعد ایک نوٹ سگریٹ کی صورت میں دھوئیں کی زینت بنتا رہا ‘ کش لگتا رہا ، روپیہ جلتا رہا۔

(جاری ہے)

اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق ملک میں دستیاب سگریٹس میں سے کم سے کم ایک سگریٹ کی قیمت اڑھائی روپے او رزیادہ سے زیادہ 5روپے ہے اور سگریٹ پر خرچ کی گئی اس رقم کا اندازہ صرف برانڈڈ سگریٹس کی فروخت سے لگایا گیا ہے جبکہ ان برانڈڈ اور اسمگل شدہ سگریٹس کی خرید پر خرچ کیے گئے پیسے کا کوئی شمار نہیں ، سگریٹ پینا پیسے دے کر موذی مرض خریدنے کے برابر ہے۔

رپوٹ کے مطابق پھیپھڑوں کے کینسر کی 90 فیصد وجوہات سگریٹ اور تمباکو کا استعمال ہیں ، لیکن یہ باتیں پاکستانیوں کو ڈرانے میں ناکام ہیں، جو اپنے غم کا علاج سگریٹ میں ڈھونڈتے ہیں اور بیماریوں کو گلے لگاتے ہیں