پیرا شوٹ کے ذریعے آنیوالوں نے پیپلز پارٹی کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ‘ سردار حر بخاری

منگل 28 اکتوبر 2014 13:55

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28 اکتوبر۔2014ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سردار حر بخاری نے کہا ہے کہ اگر پارٹی کو دوبارہ پاؤں پرکھڑا کرنا ہے تو نظریاتی کارکنوں کو عزت دینا ہو گی ،پیرا شوٹ کے ذریعے آنے والوں نے پارٹی کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے ،وقت ثابت کرے گا اس طرح آنے والے پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کیلئے ایک سازش کے تحت آئے ۔

(جاری ہے)

اپنے دفتر میں نظریاتی کارکنوں سے رابطے بڑھانے کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سردار حر بخاری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کسی کی ذاتی جاگیر نہیں ،پارٹیاں کارکنوں سے بنتی ہیں لیکن موجودہ نام نہاد قیادت اس حقیقت سے قطعی نا واقف ہے ۔ ناہید خان اور صفدر عباسی کی قیادت میں نظریاتی کارکن پارٹی کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں اور انشا اللہ سر خروہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھٹو شہید اور بی بی شہید نے کارکنوں کوعزت دی جبکہ موجودہ نام نہاد قیادت نے کارکنوں کو نظر انداز کر کے پیراشوٹ کے ذریعے آنے والوں کو سیاہ سفید کا مالک بنا دیا ہے ۔ وہ وقت دورنہیں جب یہ ثابت ہو جائے گا اس طرح سے آنے والے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں کی جماعت پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کے لئے آئے تھے ۔

متعلقہ عنوان :