لوڈ شیڈنگ اور مہنگی بجلی نے قوم کو ذہنی مریض بنادیا، حکمران آئی ایم ایف کو خوش کررہے ہیں‘ناصر رمضان گجر

منگل 28 اکتوبر 2014 13:57

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28 اکتوبر۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) لاہور کے سیکرٹری اطلاعات ناصر رمضان گجر نے بجلی کی قیمتوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 52پیسے فی یونٹ اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوڈ شیڈنگ اور مہنگی بجلی نے قوم کو ذہنی مریض بنادیا ہے ، لوگ بجلی بل دیکھ کر خودکشیاں کر رہے ہیں جبکہ حکمران آئی ایم ایف کو خوش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان اپنی رولنگ میں فیول ایڈجسٹمنٹ فارمولہ کے تحت بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے فارمولہ کو غلط قرار دے چکی ہے انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں ہرماہ پاور کمپنیوں کی بجلی کی فی یونٹ قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اضافہ کردیا جاتا ہے۔جبکہ رواں سال پن بجلی گھروں نے9کروڑ 30لاکھ یونٹ زائد بجلی مہیا کی جبکہ واپڈا پن بجلی گھروں نے اگست 2014میں قومی نظام کو 2ارب 23کروڑ 60لاکھ یونٹ بجلی فراہم کی ۔

(جاری ہے)

پن بجلی پیداواری اخراجات کا ریٹ ڈیڑھ سے 2روپے فی یونٹ ہے اس لیے حکومت بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کی بجائے 6سے10روپے فی یونٹ کمی کرے ۔ناصر رمضان گجر نے کہا کہ حکمرانوں کا کوئی انرجی پلان نہ ہے حکومت مہنگی بجلی کے باعث بجلی چوری اورلائن لاسز کو کنٹرول کرے تو بجلی مہنگی کرنے کی ضرورت ہی نہ پڑے گی ۔انہوں نے کہا کہ ریکارڈ شاہد ہے کہ کبھی ایسا نہیں ہوا سردیوں میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ ہو لیکن موجودہ دور حکومت میں گرمیوں کے بعد سردیوں میں بھی بدترین لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے مہنگی بجلی او ر لوڈ شیڈنگ معاشی سرگرمیوں کی راہ میں رکاوٹ ہے اور اس کے باعث انڈسٹریز بند اور بے روزگاری میں اضافہ ہورہا ہے اس لیے حکمران نندی پور پراجیکٹ کی لاگت اور آئی ایم ایف کی شرائط کو پوری کرنے کیلئے عوام کو قربان نہ کریں۔

متعلقہ عنوان :