کے ایم کے محکمہ میڈیکل وہیلتھ کی نا اہلی کی وجہ سے ڈینگی کے مریضوں میں اضافہ ہوگیاہے ‘صدر سجن یونین

منگل 28 اکتوبر 2014 14:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28 اکتوبر۔2014ء) سجن یونین (سی بی اے) کے ایم سی کے مرکزی صدر سید ذوالفقار شاہ نے ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی اور میٹروپولیٹن کمشنر کے ایم سی سے مطالبہ کیا ہے کہ سینئر ڈائریکٹرمیڈیکل و ہیلتھ کو شہر میں تیزی سے پھیلنے والے ڈینگی کے مرض کے خاتمے کے لئے اسپرے اور نالوں میں چھڑکاؤ کی دوائیں نہ خریدنے پر اور ڈائریکٹر وہیکل کے ایم سی کو اسپرے گاڑیوں کو شہر میں اسپرے کے لئے ڈیزل، پیٹرول جاری نہ کرنے پر انکے عہدوں سے فارغ کیا جائے اور ڈینگی کے مچھروں اور دیگر حشرات الارض کے خاتمے کے لئے فوری طور پر نالوں میں دواؤں کا چھڑکاؤ اور شہر بھر میں اسپرے کا بندوبست کرکے شہریوں کی قیمتی جانوں کو بچایا جائے۔

سید ذوالفقار شاہ نے شہر میں ڈینگی کے مرض میں مبتلا گیارہ افراد کی ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر ہم سب کا ہے لہذا ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم گندگی کو پھیلنے سے بچائیں۔

(جاری ہے)

احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ڈینگی ملیریااور دیگر امراض سے خود کو محفوظ رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ناقص حکمت عملی اور غلط منصوبہ بندی کی وجہ سے کے ایم سی کا انتظامی ڈھانچہ تباہ ہو رہا ہے ۔

جسکی واضح مثال یہ ہے کہ ملیریا کنٹرول اسٹاف میونسپل سروسز گروپ کی ماتحتی میں کام کرتا ہے ۔ اسپرے کی گاڑیوں کو فیول سپلائی وہیکل ڈپارٹمنٹ جاری کرتا ہے جو کہ براہ راست ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی کی ماتحتی میں کام کر رہا ہے اس طرح اسپرے اور نالوں ندیوں میں چھڑکاؤکے لئے دوائیں خریدنا۔ حکومت سندھ اوروفاق سے چلنے والی امداد لینا میڈیکل اینڈ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی ذمہ داری ہے ۔

لہذا ملیریا کنٹرول اسٹاف کو ان محکموں کے درمیان سینڈوچ بنادیا گیا ہے ۔ دوائیں نہ ہونے کے باعث عملے سے کوریڈورز کی صفائی ، عیدالاضحی پر آلائیشیں اٹھانے اور دیگر ایمرجنسی کام لئے جارہے ہیں۔ جسکی وجہ سے ڈینگی اور ملیریا پھیلانے والے مچھر پیدا ہوکر مرض کے پھیلاؤ کا باعث بن رہے ہیں ۔ لہذا اس سلسلے میں فوری کاروائی کرکے مرض کو پھیلنے سے بچایا جائے ۔ شہر بھر میں اسپرے کا بندوبست کیا جائے اور نالوں ندیوں میں ڈی گراسنگ اور چنیلائزیشن کے امور انجام دیتے ہوئے ندی نالوں میں دواؤ کا چھڑکاؤ کیا جائے۔ ملیریا کنٹرول کے عملے کو صرف انکی حقیقی ڈیوٹی کی انجام دہی پر مامور کیا جائے تاکہ مچھروں کی افزائش نسل پر کنٹرول پایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :