متحدہ قومی موومنٹ ملک بھر کے غریبوں ‘ مظلوم اور بے بس طبقات کی آواز ہے‘طاہر کھوکھر

منگل 28 اکتوبر 2014 14:33

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28 اکتوبر۔2014ء) ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر ‘ جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی طاہرکھوکھرنے کہا ہے کہ ایم کیوایم کیخلاف سازشیں نئی بات نہیں‘ متحدہ قومی موومنٹ ملک بھر کے غریبوں ‘ مظلوم اور بے بس طبقات کی آواز ہے ایک منظم سازش کے تحت ایم کیو ایم کو دیوار سے لگانے کی سازش کی جارہی ہے جس کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی ۔

یہاں لندن کے مختلف علاقوں میں کشمیری تارکین وطن کے مختلف وفود سے گفتگوکرتے ہوئے ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر جو صوبائی تنظیمی کمیٹی کے جوائنٹ انچارج بھی ہیں نے کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ کو متحدہ قومی موومنٹ میں ملک بھر کی مظلوم قومیتوں کی آواز بلند کرنے کیلئے تبدیل کیا گیا تھا ، پیپلزپارٹی اور اس کے رہنما خورشید شاہ کی جانب سے لفظ مہاجر کی توہین پر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرکے اور خورشید شاہ کا بلاجواز تحفظ کرکے مزیدتوہین رسالت کے مرتکب ہورہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لفظ مہاجر ان تمام لوگوں کی پہچان ہے جو پاکستان کی خاطر ہجرت کرکے اور اپنا گھر بار چھوڑ آئے تھے اور ان کی اس شناخت کو کوئی طاقت نہیں مٹا سکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ لفظ مہاجر پر اردو بولنے والوں کو ہی نہیں بلکہ ایک ایک مسلمان کو فخر ہے اور اردو بولنے والوں سے نفرت اور بغض و عناد کی بنیاد پر لفظ مہاجر کو خورشید شاہ نے جس طرح سے گالی قرار دیا وہ ناقابل برداشت ہے اور اس سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام خورشید شاہ کی جانب سے لفظ مہاجر کی توہین پر فتویٰ جاری کرنے ،احتجاج اور بھوک ہڑتالیں تک کرنے کا اعلان کرچکے ہیں اور جلد ہی لفظ مہاجر کی توہین کرنے پر خورشید شاہ سمیت پیپلزپارٹی کے رہنما رسوا ہوں گے ۔ طاہر کھوکھر نے کہا کہ پیپلز پارٹی قومی جماعت نہیں رہی ‘ اس جماعت کی ساکھ صوبہ پنجاب ، خیبر پختونخوااور بلوچستان کے بعداب سندھ میں بھی دیکھا جاسکتا ہے اور 18اکتوبر کو کراچ میں ہونے والے جلسہ کی ناکامی اس بات کا ثبوت ہے کہ پیپلزپارٹی زوال پذیر ہے اورپی پی کے رہنما متحدہ کی فکر چھوڑ کر اپنی خیر منائیں انہوں نے کہاکہ لفظ مہاجر کی توہین کرنے والے مکافات عمل سے نہیں بچ سکیں گے ۔

طاہرکھوکھر نے کہا کہ لفظ مہاجر کی آڑ میں جاگیردار ‘ وڈیرے اور سرمایہ دار ایک مرتبہ پھر متوسط طبقہ کی تحریک کیخلاف صف آراء ہورہے ہیں انہیں یہ جان لینا چاہیے کہ جاگیرداری نظام اور وڈیرہ شاہی کامستقبل تاریک ہو چکا ہے ملک بھر کے غریب ‘ محکوم اور متوسط طبقات کے عوام ایم کیو ایم پرچم تلے متحد و منظم ہوچکے ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب عوام ووٹ کی پرچی سے جاگیرداروں اور وڈیروں کو اقتدار کے ایوانوں سے نکال باہر پھینکیں گے انہوں نے تارکین وطن سے اپیل کی کہ وہ کرپٹ سیاسی نظام کے خاتمہ کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :