ڈاکٹر عمر فاروق بلوچ نے ایم ایس سروسز ہسپتال کا چارج سنبھال کر کام کا آغاز کردیا

منگل 28 اکتوبر 2014 23:05

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اکتوبر 2014ء) سروسز ہسپتال کے نئے مقرر کیے جانے والے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عمر فاروق بلوچ نے کہا ہے کہ اوپن ڈور پالیسی کے تحت ہسپتال کا معیار پہلے سے بہتر بنایا جائے گا ، مریضوں کے حقوق و تحفظ کو سب پر فوقیت دی جائے گی۔ مریضوں کی فلاح و بہبود اور دیکھ بھال کو مزید بہتر بنانے کے لیے ڈسپلن اور نظم و نسق پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

منگل کے روز اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد انہوں نے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ ڈاکٹروں و دیگر ملازمین سے ان کے شعبوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عمر فاروق نے کہاکہ میرٹ اور بہتر کارکردگی ہی ترقی کا واحد زینہ ہوگی۔ اپنے فرائض تن دہی سے سرانجام دینے والوں کو نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹس سے نوازا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ فرائض سے غفلت برتنے والے ملازمین کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ انہوں نے انتظامی ڈاکٹروں، نرسنگ سٹاف اور پیرا میڈیکل پر واضح کیا کہ مریضوں کا بہتر علاج معالجہ ادارے میں ڈسپلن کی پابندی اور بدعنوان عناصر کا خاتمہ ان کی اولین ترجیحات ہیں اور وہ ان ترجیحات پر عملدرآمد کو ہرحال میں یقینی بنائیں گے۔ ہسپتال انتظامیہ حکومت پنجاب محکمہ صحت اور شہریوں کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے تمام وسائل اور اقدامات بروئے کار لائے گی۔

ڈاکٹر عمر فاروق بلوچ نے اے ایم ایس، ڈی ایم ایس اور چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ ہسپتا ل میں علاج معالجہ کی سہولیات کو موٴثر انداز میں مانیٹر کریں اور کمروں میں بیٹھ کر سب اچھا کی رپورٹ دینے کی روش ترک کردیں جس شعبے میں بھی کوتاہی اور لاپرواہی کا کوئی معاملہ سامنے آیا تو متعلقہ انتظامیہ ڈاکٹر کو جوابدہ ہونا ہوگا۔

ڈاکٹر عمر فاروق بلوچ نے ہسپتال میں حکومت پنجاب کی ہدایت پر قائم کیے گئے ڈینگی کاوٴنٹر پر مامور عملے کو ہدایت کی کہ وہ مریضوں اور ان کے لواحقین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور ان کی بھرپور رہنمائی کریں اور کوئی اہلکار اگلی شفٹ کے آنے سے پہلے نہ جائے۔ انہوں نے کہا کہ سروسز ہسپتال لاہور شہر کے درمیان واقع ایک اہم علاج گاہ ہے جہاں سرکاری و غیر سرکاری دونوں قسم کے شہری بڑی تعداد میں علاج کے لیے رجوع کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ادارے کے ہر ملازم بشمول نائب قاصد سے لے کر انتظامی ڈاکٹروں تک سب سے زیادہ اہمیت کا حامل مریض ہونا چاہیے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ تمام ملازمین کو ساتھ لے کر سروسز ہسپتال کو ملک کا سب سے اعلی معیار کا شفاخانہ بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔