وزیراعظم کی جانب سے وزرائے اعلیٰ کو نیشنل پولیو ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے لکھے جانیوالے خط پر فوری ایکشن

بدھ 29 اکتوبر 2014 18:32

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29 اکتوبر۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی جانب سے چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو نیشنل پولیو ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے لکھے جانے والے خط پر فوری ایکشن لیتے ہوئے محکمہ صحت کو انسداد پولیو کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر صوبے میں کابینہ کمیٹی برائے انسداد پولیو تشکیل دے دی گئی ہے جس کے سربراہ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق جبکہ چیف سیکرٹری کو۔

کنوینر ہوں گے- کمیٹی انسداد پولیو کے حوالے سے اقدامات اٹھائے گی اور ہر ماہ دو بار اجلاس منعقد کرکے انسداد پولیو ایکشن پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لے گی اور وزیراعلیٰ کو رپورٹ پیش کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ نیشنل پولیو ایکشن پلان پر وضع کردہ لائحہ عمل کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور انسداد پولیو کیلئے روٹین کے ساتھ ساتھ خصوصی مہم بھی جاری رکھی جائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بچہ پولیو ویکسن سے محروم نہ رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو پولیو سے پاک ماحول فراہم کرنے کیلئے اس موذی مرض کے خاتمے کی مربوط کوششیں مستقل بنیادوں پر جاری رکھی جائیں کیونکہ پولیو کا خاتمہ بھی اسی تندہی اور فرض شناسی کا متقاضی ہے جس پر عمل پیرا ہو کر ہم نے دن رات محنت کرکے ڈینگی پر قابو پایا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کو پولیو فری ملک بنانا اور اس موذی مرض سے مستقبل کے نونہالوں کو جو پاکستان کا بیش قیمت سرمایہ ہیں کو محفوظ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے لہٰذا تمام متعلقہ محکمے انسداد پولیو کیلئے قومی جذبے کے تحت فرائض انجام دیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ والدین کے ساتھ معاشرے کے تمام طبقات انسداد پولیو کیلئے کی جانے والی پرخلوص حکومتی کوششوں کا بھرپور ساتھ دیں اور اس ضمن میں علماء کرام، مساجد کے خطیب اور این جی اوز کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام جمعہ کے روز اپنے خطبات میں انسداد پولیو کے حوالے سے عوام میں شعور بیدار کریں اور اسی طرح عوامی نمائندے، این جی اوز اور معاشرے کے دیگر طبقات کو بھی انسداد پولیو کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کیلئے آگے آنا چاہیئے کیونکہ ہم نے مشترکہ کوششوں اور اجتماعی لائحہ عمل کے ذریعے پولیو کے خلاف جنگ ہر صورت جیتنا ہے۔

متعلقہ عنوان :