پولیو ایک ایسا خاموش وائرس ہے،معصوم بچوں کو زندگی بھر کے لئے مفلوج بنا دیتا ہے،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میرپورخاص

جمعرات 30 اکتوبر 2014 16:04

میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30 اکتوبر۔2014ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو میرپورخاص محمد یوسف شیخ نے کہا ہے کہ پولیو ایک ایسا خاموش وائرس ہے جو معصوم بچوں کو زندگی بھر کے لئے مفلوج بنا دیتا ہے جس کی روک تھام کیلئے تمام محکموں کو مل کر اقدامات کرنے ہونگے ۔یہ بات انہوں نے میرپورخاص ضلعے کی 5یونین کونسلوں فضل بھنبھرو،اسماعیل کمہار،کنگورو،ترک علی مری اور جواریا سر میں 10سے 12نومبر2014تک شروع ہونیوالی انسدادِ پولیو مہم کے سلسلے میں ڈی ایچ او آفس میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ڈویژن ،ضلع اور تحصیل سطح پر کوئیک ریسپانس فورس قائم کئے جائینگے جبکہ ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر کنٹرول روم بھی قائم کیا جائیگا جس میں مہم کے دوران اسسٹنٹ کمشنروں،مختیارکاروں اور روینیو عملے کی پولیو مہم کے سلسلے میں کارکردگی کی مانیٹرنگ کی جائیگی ۔

(جاری ہے)

یوسف شیخ نے کہا کہ پولیو سے بچاوٴکیلئے لوگوں میں شعور اجاگر کرنے اشد ضرورت ہے جہاں ضرورت ہے وہاں سیمینار اور واک بھی کرائے جائینگے اور کہا کہ یو سی ایم اوز، میڈیکل افسران ،ویکسینیٹرزاور پولیو مہم ڈیوٹی پر معمور عملے کو پابند بنایاجائیگا کہ وہ مہم میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتیں ۔

اس موقع پر ڈاکٹر اشفاق نے بتایا کہ مہم کے دوران 37055بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلانے کا ٹارگیٹ ہے جس کیلئے 80موبائل ٹیمیں ،10ٹرانزٹ پوائنٹس،10فکسڈ پوائنٹ مقر رکئے گئے ہیں ۔اجلا س میں ڈسٹرکٹ سپورٹ مینیجر پی پی ایچ آئی پروگرام نعیم خانزادہ ،ڈاکٹرمشتاق، ڈاکٹر جاوید مری، ڈاکٹر نارائن ،شہزاد صابری اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔#

متعلقہ عنوان :