صوبے سے پولیو اور ڈینگی کے خاتمے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں، ایبلو وائرس کی روک تھام کیلئے تمام انٹری مقامات پر احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں، وزیر برائے صحت و خوراک سندھ

جمعرات 30 اکتوبر 2014 17:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30 اکتوبر۔2014ء) صوبائی وزیر برائے صحت اور خوراک جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا کہ صوبے سے پولیو اور ڈینگی کے خاتمے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ ایبلو وائرس کی روک تھام کیلئے تمام انٹری مقامات پر احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں۔ یہ بات انہوں نے وزارت صحت کا چارج لینے کے بعد سندھ سیکریٹریٹ میں محکمہ صحت کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر سیکریٹری صحت اقبال درانی نے صوبائی وزیر صحت کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک پولیو کے 23 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 21 کراچی‘ ایک دادو اور ایک سانگھڑ میں رپورٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ ڈینگی کے اب تک 763 کسیز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے کراچی میں 749‘ حیدرآباد میں 4‘ بلوچستان میں 3 اور سندھ کے دیگر اضلاع میں 7 کیسز سامنے آئے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت جام مہتاب حسین ڈھر کو بتایا گیا کہ محکمہ صحت کے اقدامات کے باعث زچہ وبچہ کی شرح اموات میں کمی ہوئی اور اس وقت سندھ میں محکمہ صحت کے تحت مجموعی طور پر 67 اسپتال اور تعلقہ سطح پر صحت کے مراکز کام کررہے ہیں۔ محکمہ صحت کے عملے کی تعداد 88859 کے قریب ہے۔ سیکریٹری صحت اقبال درانی نے مزید بتایا کہ اب تک 6217980 بچوں کو مختلف بیماریوں سے بچاؤ کی ویکسین دی گئی۔

صوبائی وزیر صحت وخوراک جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا کہ اتائی ڈاکٹروں کے خلاف جلد کارروائی شروع کی جارہی ہے اور انہوں نے یہ وزارت چیلنج کے طور پر قبول کی ہے‘ 6 ماہ کے اندر محکمہ صحت سے تمام خرابیاں ختم کردی جائیں گی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کراچی کی 188 یوسیز میں پولیو کے خلاف بھرپور مہم جاری ہے تاہم جن یوسیز میں پولیو کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں ان پر سخت توجہ کی ضرورت ہے۔

اجلاس میں سیکریٹری صحت اقبال درانی کے علاوہ متعدد ایڈیشنل سیکریٹریز نے شرکت کی ۔علاوہ ازیں صوبائی وزیر برائے صحت وخوراک جام مہتاب حسین ڈھر نے ضلع تھرپارکر میں بچوں کی اموات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت کے پانچ اعلیٰ افسران کو فوری طور پر قحط سے متاثرہ علاقوں یں پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔ صوبائی وزیر نے مٹھی اور چھاچھرو کے اسپتالوں میں غذائی قلت اور دیگر وجوہات کی بنا پر بچوں کی اموات کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت کے پانچ افسران ڈاکٹر صابر میمن 0364-5028615 کو مٹھی‘ ڈاکٹر ولی محمد 0300-3009401 کو ڈبیلو‘ ڈاکٹر محمد حنیف بلوچ 0334-2812596 کو چھاچھرو‘ ڈاکٹر اخلاق احمد 0314-2601113 کو ننگرپارکر اور ڈاکٹر محمد علی لغاری 0300-3797900 کو اسلام کوٹ بھیج دیا ہے۔

صوبائی وزیر صحت وخوراک جام مہتاب حسین ڈھر نے ضلع تھرپارکر کے عوام سے درخواست کی کہ وہ صحت سے متعلق معاملات پر ان افسران سے رابطہ کریں۔ صوبائی وزیر نے ان افسران کو ہدایت دی کہ وہ متعلقہ علاقوں میں صورتحال کو بہتر بنائیں اور فوری طور پر رپورٹ کریں بصورت دیگر غفلت برتنے والے محکمہ صحت کے افسران وطبی عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :