وفاقی بجٹ میں غریب اور متوسط طبقے کی خوشحالی کیلئے نئے پیکیج کا اعلان کیا جائے گا، چوہدری شجاعت

پیر 4 جون 2007 21:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4جون۔2007ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی طرف سے دی گئی تحریر و تقریر کی اجازت کا غلط استعمال جمہوری عمل کیلئے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ اپوزیشن جماعتیں دوسروں کے کاندھے پر بندوق رکھ کر چلانے کے بجائے اخلاقی جرات کا مظاہرہ کریں اور اپنے بل بوتے پر انتخابی مہم چلائیں۔

ریاست کے اہم اداروں کو تضحیک کا نشانہ بنانے سے عوام کی نظر میں خود اپوزیشن کا اپنا وقار مجروح ہو رہا ہے۔ عوام محاذ آرائی ‘ بہتان تراشی اور دشنام طرازی کی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں۔ وہ ملک کی ترقی اور اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں اور پاکستان مسلم لیگ کی حکومت عوامی خواہشات اور امنگوں کے مطابق انہی مقاصد کے حصول کیلئے کام کررہی ہے۔

(جاری ہے)

منگل کو یہاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہاکہ بعض سیاسی عناصر اپنے غیر ذمہ دارانہ بیانات اور قابل اعتراض سرگرمیوں سے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچا رہے ہیں جن کا مقصد محض میڈیا میں پبلسٹی حاصل کرنا ہے۔

لیکن عوام ان ہتھکنڈوں سے بخوبی آگاہ ہیں اور وہ سچ اور جھوٹ میں تمیز کرنے کا شعور رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قومی بجٹ کے موقع پر ایسے حالات پیدا کئے جارہے ہیں جن سے حکومت کی توجہ عوام کی بھلائی اور خوشحالی کے منصوبوں کے بجائے سیاسی محاذ آرائی اور باہمی کشمکش کی طرف مبذول ہو سکے۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ مقررہ حدود و قیود کے اندر رہ کر کام کرنے والوں پر کوئی پابندی نہیں لگائی جا سکتی لیکن اگر کسی ادارے کی طرف سے ملک کی سلامتی اور استحکام کو خطرہ ہو تو اس اقدام کو صرف نظر نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہاکہ حکومت مفاہمت اور رواداری کی قائل ہے اور شروع دن سے ہمارے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں لیکن اپوزیشن جماعتیں افہام و تفہیم کے بجائے ہنگامہ آرائی اور ہٹ دھرمی کی راہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ صدر جنرل پرویز مشرف نے پاکستان کی قومی تاریخ کے ہر اہم موڑ پر ملک و قوم کے وسیع تر مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے جو جراتمندانہ فیصلے کئے ان کی بدولت آج ملک میں پائیدار اقتصادی ترقی کی منازل حاصل ہوئی ہیں اور وسائل میں اضافے سے مالی سال 2007-08 ء کے سالانہ میزانیے میں غریب و متوسط طبقہ کی خوشحالی اور عوام کو زیادہ سے زیاد ہ ریلیف دینے کیلئے فلاحی منصوبوں کے نئے پیکیج کا اعلان کیا جا رہا ہے۔

چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ حکومت کے اقدامات کے نتیجے میں عام آدمی کیلئے خوشحال زندگی کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں اور فی کس آمدنی میں اضافے سے لوگوں کی قوت خرید بڑھی ہے انہوں نے کہا کہ ہم خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں اور اپنی کارکردگی کے بل بوتے پرعام انتخابا ت میں واضح کامیابی حاصل کرکے ملکی تعمیر و ترقی کے موجودہ ایجنڈے کو آگے بڑھائیں گے۔

متعلقہ عنوان :