نیم مردہ اور بیمار جانوروں کا گوشت دوسرے شہروں سے لا کر فروخت کرنیوالے بے ضمیر افراد کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے، سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب نسیم صادق

ہفتہ 1 نومبر 2014 20:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم نومبر 2014ء) سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب نسیم صادق نے کہا ہے کہ نیم مردہ اور بیمار جانوروں کا گوشت دوسرے شہروں سے لا کر فروخت کرنے والے بے ضمیر افراد کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے- اس حوالے سے جامع منصوبہ بندی کے ذریعے عملی جامہ بھی پہنایا جا رہا ہے- انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو ہفتوں میں متعدد مقدمات کا اندراج اور درجنوں بے حس افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے- کمشنر لاہور ڈویژن راشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ نیم مردہ اور بیمار جانوروں کا گوشت انسانوں میں کئی بیماریوں کا سبب بنتا ہے- انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ٹی ایم ایز اپنی اپنی حدود میں مردہ جانوروں کو زمین میں دفن کرنے کے لیے جگہوں کو مخصوص کرکے مشتہر کریں- انہوں نے کہا کہ ایسی جگہیں ہر لحاظ سے محفوظ ہونی چاہئیں- سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین نے کہا کہ ایسے بے ضمیر افراد کی سرکوبی کے لیے باقاعدہ ٹیم ڈی ایس پی کی نگرانی میں تشکیل دی جا چکی ہے جو بیمار جانوروں کے گوشت کی فروخت میں ملوث افراد کے خلاف تمام مقدمات میں کام کرے گی-سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب نسیم صادق نے کمشنر لاہور ڈویژن راشد محمود لنگڑیال اور سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین کے ہمراہ بیمار جانوروں کا گوشت دوسرے شہروں سے لا کر لاہور میں فروخت کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا- اجلاس میں ڈی سی او لاہور ، ڈی او لاری اڈا عائشہ ممتاز، ڈی جی فوڈ اتھارٹی اور لائیو سٹاک کے افسران نے شرکت کی-

متعلقہ عنوان :