وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی واہگہ دھماکے کی مذمت‘ جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہارتعزیت‘ مالی امداد کا اعلان.

زخمیوں کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی اور ان کی دیکھ بھال کے لئے 2 صوبائی وزراء ہسپتالوں میں موجود رہیں گے. بزدلانہ کارروائیاں پاکستانی قوم اور ہماری بہادر افواج اور رینجرزکے حوصلے پست نہیں کر سکتیں‘محمد شہبازشریف

اتوار 2 نومبر 2014 22:55

لاہور(اُردوپوائنٹ تازہ ترین۔ 2نومبر 2014ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے واہگہ بارڈر کے قریب ہونے والے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور اس اندوہناک واقعہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہارتعزیت اور زخمیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد دو صوبائی وزراء میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن اور بلال یٰسین کو گھرکی اور شالیمار ہسپتال روانہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ ذاتی طور پر زخمیوں کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی اور ان کی دیکھ بھال کے لئے وہیں موجود رہیں اورانہیں طبی امداد کو یقینی بنائیں۔

وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کے حکام کو بھی ہدایت کی ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں بھی زخمیوں کو علاج معالجے کی ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے سانحہ واہگہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے لئے مالی امداد کا بھی اعلان کیا ہے۔ جس کے تحت شہداء کے ورثاء کو 5لاکھ روپے فی کس مالی امداد فراہم کی جائے گی جبکہ شدید زخمی ہونے والے افراد کو 75ہزار روپے اور معمولی زخمیوں کو 25ہزار روپے مالی امداد دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں پاکستانی قوم اور ہماری بہادر افواج اور رینجرز کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ ہم سب کے حوصلے بہت بلند ہیں اور انشاء اﷲ ساری قوم کی حمایت سے مطلوبہ نتائج حاصل ہونے تک دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضرب عضب میں ہماری بہادر افواج مردانہ وار جنگ لڑ رہی ہیں اور انشاء اﷲ ہم ملک دشمن عناصر کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

محمد شہبازشریف نے کہا کہ افواج پاکستان نے ملک و قوم کی حفاظت کا قومی فریضہ انتہائی بہادرانہ انداز میں ادا کیا ہے اور ساری قوم دہشت گردوں کے خلاف فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ بم دھماکوں میں معصوم شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے اپنے انجام سے نہیں بچ سکیں گے اور انہیں ہر صورت کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔