88 زیرعلاج زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں مہیا کر رہے ہیں‘ لواحقین سے ہر ممکن تعاون کر رہے ہیں‘ مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق

پیر 3 نومبر 2014 20:24

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 نومبر 2014ء)پنجاب حکومت کے ترجمان سید زعیم حسین قادری نے صوبائی وزیرداخلہ کرنل شجاع خانزادہ اور مشیرصحت خواجہ سلمان رفیق کے ہمراہ سانحہ واہگہ پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ساری قوم یکسو اور پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور انشاء اللہ ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، اس افسوسناک سانحہ میں شہید ہونے والوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں، پنجاب حکومت نے 2نومبر کو پیش آنے والے اندوہناک واقعہ کی تحقیقات کیلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دیدی ہے جو 2سے3دن میں اپنی رپورٹ پیش کریگی۔

انہوں نے کہا کہ آج واہگہ بارڈر پر پرچم کشائی کی تقریب کے دوران عوام کا جوش و خروش اس امر کا ثبوت ہے کہ قوم دہشت گردی کو مسترد کر کے ملک کی بقاء کی جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عزب کامیابی سے ضرور ہمکنار ہو گا۔ عوام باہم متحد ہیں اور بالخصوص عاشورہ محرم کے دوران ساری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح ملک و قوم کے تحفظ کیلئے یکجان ہے۔

وزیرداخلہ پنجاب کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا کہ دہشت گردی کی کارروائی کے بارے میں 31اکتوبر کو ملنے والی خفیہ اطلاع کے بعد سکیورٹی کے مشترکہ اقدامات کئے گئے تھے۔ جس کے بعد جوائنٹ چیکنگ اور پٹرولنگ میں اضافے کے علاوہ مزید24 پولیس اہلکاران کو مشترکہ چیک پوسٹ پر تعینات کر دیا گیا تھا۔ جن میں خواتین اہلکاران بھی شامل تھیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے اس واقعہ میں غیرملکی ہاتھ کو خارج ازامکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔

البتہ اصل حقائق سامنے لانے کیلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر تشکیل دے دی گئی ہے‘ جس میں پولیس‘ آئی ایس آئی‘ رینجرز‘ سپیشل برانچ اور کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے افسران شامل ہیں جو 2سے 3 دن میں اپنی رپورٹ پیش کر دیں گے۔وزیراعلیٰ کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ سرکاری ہسپتالوں میں زیرعلاج 88زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں مہیا کی جا رہی ہیں۔

گزشتہ روز کے سانحہ کے فوراً بعد وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق صوبائی وزراء سمیت حکومتی مشینری نے متاثرہ افراد کو میڈیکل کی سہولتیں دینے کے لئے اقدامات شروع کر دیئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ہسپتالوں میں خصوصی انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے اورلواحقین کو بھی ہر ممکن تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔ جبکہ پنجاب حکومت کی طرف سے میتوں کی روانگی میں بھی ہر ممکن تعاون کیا گیا ہے۔ پریس بریفنگ میں صوبائی وزراء نے وزیراعلیٰ پنجاب اور صوبائی حکومت کی طرف سے اس انتہائی افسوسناک واقعہ کے متاثرہ خاندانوں سے دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی۔