جھنگ‘آنکھوں کے ریکارڈ 11539کامیاب آپریشن

بدھ 5 نومبر 2014 11:57

جھنگ(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 5نومبر 2014ء)آنکھوں کے ریکارڈ 11539کامیاب آپریشن کرکے کیمپ دار الاحسان سمندری روڈ کا77 واں ششما ہی فری آئی کیمپ اختتام پذیر ہوگیا ہے جس کے دوران 101پیدائشی نابینا افراد کی کامیاب اپریشن کے بعد بینائی بحال ہوگئی ہے۔یہ دنیا کا اپنی نوعیت کا مثالی فری آئی کیمپ850بستروں پر مشتمل تمام جدید سہولتوں سے مزین کیمپ دار الاحسان کے دار الحکمت،دارالشفاء ہسپتال میں یکم اکتوبر سے 31اکتوبر تک منعقد ہوا۔

پروقار اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیمپ کے چےئرمین لیفٹیننٹ جنرل(ر) خالد لطیف مغل اوردیگر مقررین نے بتایا کہ متذکرہ11539آپریشنوں میں سے9001چار جدید مائیکرو سکوپ مشینوں ،661لیزرشعاعوں کے ذریعے کئے گئے ۔انہوں نے بتایا کہ 31روزہ فری آئی کیمپ میں انتظامیہ کی طرف سے 8689 لینز غریب اور مستحق لوگوں کی آنکھوں میں مفت لگائے گئے نیز767 شوگر کے مریضوں کی اور247یک چشمی مریضوں کی آنکھوں کے آپریشن بھی کئے گئے جو تمام 100فیصد کامیاب رہے۔

(جاری ہے)

اس قا بل تقلید فری آئی کیمپ کی کامیابی کا تناسب99.97فی صد رہا جو دنیاطب کا ایک قابل رشک ریکارڈ ہے۔انہوں نے بتا یا کہ اس کیمپ کے دوران 30678 آنکھوں کے مختلف امراض کا شکار مریضوں کو آؤٹ ڈور پر علاج معالجہ کی فری سہولیات بہم پہنچائی گئیں۔کیمپ میں آپریشنز اور آؤٹ ڈورمعائنہ کی روزانہ اوسط بالترتیب 1058اور385رہی۔اس موقع پر بتایا گیا کہ اب تک مجموعی77فری آئی کیمپس کے دوران 4لاکھ62ہزار612 مریضوں کے آنکھوں کے آپریشن کئے گئے جبکہ آؤٹ ڈور پر12لاکھ 4ہزار 942مریضوں کو چیک کرنے کے علاوہ 7لاکھ 42ہزار 330مریضوں کا بلا آپریشن علاج کیا گیا اور2104 پیدائشی نابیناافراد کے کامیاب آپریشن کے بعد انہیں بصارت حاصل ہوئی۔

مقررین نے ادارہ کے بانی نامور روحانی پیشوا حضرت ابوانیس محمد برکت علی لدھیانوی اور ادارہ کے موجودہ مہتمم میاں محمد شفیع اور نائب مہتمم میاں نجیب اللہ کی بے لوث شاندار انسانی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ادارہ 1976ء سے دکھی انسانیت کی قابل تقلید خدمت میں مصروف عمل ہے ۔اس ادارہ کی بنیاد ہی دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کے جذبہ پر رکھی گئی ہے۔

دواؤں ،خوراک ،رہائش اور دیگر سہولیات مریضوں ،ان کے تیمارداروں اور ملاقاتیوں کو مفت فراہم کی جاتی ہیں۔اس کیمپ میں 80سے زائد ماہرین امراض چشم نے خدمات سر انجام دیں جن میں سے14ڈاکٹروں کی ٹیم کی خدمات محکمہ صحت پنجاب کی طرف سے فراہم کی گئی جبکہ 65دیگر آئی سپیشلسٹس ڈاکٹرز رضا کارانہ طور پر خدمات کی سرانجام دہی کیلئے کیمپ میں موجود رہے۔

ان کی معاونت کیلئے 250سے زائد رضا کار(پیرا میڈیکل سٹاف) موجود رہے۔مشورہ مفت ،علاج مفت،خوراک مفت اور غیر امتیازی سلوک کیمپ دار الاحسان کے چار بنیادی اصول ہیں جن پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے ۔آخر میں ادارہ کے چےئرمین نے کیمپ میں خدمات سرانجام دینے والے ڈاکٹروں،پیرا میڈیکل سٹاف اور رضا کاروں میں نقد انعامات اور توصیفی اسناد تقسیم کیں ۔اس سادہ مگر پر وقار روحانی تقریب کا اختتام پاکستان کی سلامتی وترقی وخوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد یکجہتی کے لئے خصوصی دعا سے ہوا جو ادارہ کے چیئرمین خالد لطیف مغل نے کرائی ۔