آزاد کشمیر کو پولیو فری بنا دیا، حکومت عوام کو صحت و تعلیم کی بنیادی سہولیات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریگی،چوہدری عبدالمجید

بدھ 5 نومبر 2014 17:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 5نومبر 2014ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ آزاد کشمیر کو پولیو فری بنا دیا ہے ۔ حکومت عوام کو صحت و تعلیم کی بنیادی سہولیات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی آزاد خطہ میں تین میڈیکل کالجز کے قیام سے طبی تعلیم ہر قابل طالب علم کی دسترس میں لے آئے ہیں وہ بدھ کے روز یہاں وزیراعظم پاکستان میاں محمدنواز شریف کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری فیاض علی عباسی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم، والدین میں اپنے کمسن بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے شعور اور محکمہ صحت کی طرف سے پولیو قطرے پلانے کی مہم کو بروقت مکمل کرنے کے نتیجہ میں آج آزاد کشمیر میں پولیو کا کوئی نیا کیس نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی حکومت اپنے انتخابی منشور کے مطابق اپنی عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے۔

انہوں نے آزاد کشمیر میں انسداد پولیو مہم کو بروقت اوردلچسپی لے کرکامیاب بنانے پر محکمہ صحت کے سٹاف کو مبارک باد دی۔وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے ادارے عوام کی خدمت کے لیے مستعدی سے تیار ہیں اورحکومت تمام قومی اداروں کے استحکا م اور انھیں مزید فال بنانے کے لیے کوشش جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ آج بھی آزاد کشمیر کے اندر صحت اور تعلیم کی سہولیات کی دستیابی اور معیار ملک کے دیگر صوبوں سے بہتر ہے جس کاکریڈٹ حکومت کی کمٹمنٹ ،عوام کے محکمہ صحت کے ساتھ تعاون اور محکمہ صحت کی طبی ٹیموں کو جاتا ہے ۔

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ حکومت نے آزاد کشمیر کی تاریخ میں پہلی بار آزاد کشمیرمیں تین میڈیکل کالجز قائم کرکے میڈیکل کی تعلیم کی سہولت ریاست کے طلبہ کے لیے گھر میں مہیا کی اور ان میڈیکل کالجز میں مقبوضہ کشمیر کے مہاجرین کے بچوں ،چاروں صوبوں ،گلگت بلتستان اور فاٹا کے طلبہ کے لیے کوٹہ مقرر کیا اور مظفرآباد کے میڈیکل کالج کو تحریک آزادی کشمیر کے لیڈر میر واعظ مولوی فاروق کے نام سے منسوب کرکے آزاد کشمیر حکومت کی تحریک آزادی اور اپنے اسلاف کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ مظفرآباد کے بعد میرپور،کوٹلی اور پونچھ میں مکمل یونیورسٹیوں ،باغ میں خواتین یونیورسٹی قائم کی گئی جبکہ حویلی میں آزاد کشمیر یونیورسٹی کا کیمپس قائم کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے انہوں نے کہا کہ اب حکومت میرپور کھڑی میں ایشیا کی سب سے بڑی اسلامی یونیورسٹی قائم کریگی۔

متعلقہ عنوان :