وزیراعلیٰ کے خصوصی حکم پر مردہ اوربیمارجانوروں کاگوشت فروخت کرنیوالوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز

بدھ 5 نومبر 2014 23:45

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 5نومبر 2014ء) سیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب نسیم صادق کی زیرصدارت ایک محکمانہ اجلاس ہواجس میں سردارعاشق حسین ڈوگرایڈیشنل سیکرٹری لائیوسٹاک، ڈاکٹرمحمدنوازسعیدڈائریکٹرجنرل(توسیع)، ڈاکٹرثناء اللہ بھٹی ایڈیشنل سیکرٹری(ٹیکنیکل)،ڈاکٹراسرارحسین چوہدری ڈائریکٹرکمیونیکیشن اینڈ ایکسٹینشن، عرفان خالدڈپٹی سیکرٹری (ایڈمن)، ڈاکٹراقبال شاہدڈپٹی سیکرٹری (ٹیکنیکل)اور ڈاکٹرغلام حسین بھٹہ ڈسٹرکٹ لائیوسٹاک آفیسر لاہورنے شرکت کی۔

پنجاب بھرمیں ضلعی انتظامیہ اورمحکمہ لائیوسٹاک نے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی ہدایت پربے ضمیرافراد جوغیرقانونی مذبحہ خانے چلارہے ہیں کے خلاف کریک ڈاؤن تیزکردیاہے۔ سیکرٹری لائیوسٹاک نے کہاکہ وزیراعلیٰ کے حکم پر اس مہم کاآغاز کیاگیاتھا اوراب تک لاہورسمیت 9 اضلاع میں3292چھاپے مارکر 168 ایف آئی آر درج کرکے 212افرادکوگرفتارکیا اور46گاڑیاں قبضہ میں لی جاچکی ہیں اور30753کلوگرام غیرمعیاری،نیم مردہ گوشت تلف کیاجاچکاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہاکہ اب ضلعی انتظامیہ اورمحکمہ لائیوسٹاک اس مہم کادائرہ کارپنجاب کے تمام اضلاع تک وسیع کررہاہے تاکہ عوام الناس کی صحت کے ساتھ کھیلنے والے جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہا زشریف کے حکم کے مطابق اب یہ مردہ ضمیرافرادقانونی شکنجے سے نہیں بچ سکیں گے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ضلعی انتظامیہ لاہوراورمحکمہ لائیوسٹاک کی 46ٹیمیں لاہوراوراس کے مضافات میں روانہ ہوچکی ہیں جوغیرقانونی مذبحہ خانے چلانے اورمردہ جانوروں کاگوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائیں گی۔

شہریوں کوچاہئے کہ گوشت خریدتے وقت سلاٹرہاؤس کی جانب سے لگائی گئی مہرچیک کرلیں اورغیرتصدیق شدہ گوشت ہرگزنہ خریدیں۔ عوام الناس کواس ضمن میں گزارش کی جاتی ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ اورمحکمہ لائیوسٹاک سے بھرپورتعاون کرتے ہوئے ان جرائم پیشہ افراد کی نشاندہی متعلقہ ڈی سی اوآفس،ڈی سی اولاہور، محکمہ لائیوسٹاک یاوزیراعلیٰ شکایت سیل میں کریں تاکہ ان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔