محکمہ تعلیم اور صحت کے آفیسران اپنے رویوں میں تبدیلی لائیں ،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

جمعرات 6 نومبر 2014 22:32

دالبندین(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6نومبر 2014ء ) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم اور صحت کے آفیسران اپنے رویوں میں تبدیلی لائیں ، غیر حاضری، غفلت اور وسائل کا ضیاع کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر ضلع چاغی سیف اللہ کھیتران کی جانب سے مختلف محکموں سے متعلق دی گئی بریفنگ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیااس موقع پر کمشنر کوئٹہ ڈویژن قمبر دشتی سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ کو ،محکمہ تعلیم، صحت، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سمیت امن و امان کی مجموعی صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی وزیر اعلیٰ نے ضلع بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے محکمہ تعلیم و صحت کی کارکردگی ، اساتذہ اور ڈاکٹرز کی غیر حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کو غیر حاضر ملازمین کی فہرست فوری ارسال کرنے کی ہدایت کی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے بجٹ کی ایک خطیر رقم محکمہ تعلیم پر صرف ہورہی ہے اور اگر کوئی ٹیچر تنخواہ لے کر بھی ڈیوٹی پہ حاضر نہ ہو یہ کسی صورت قابل قبول نہیں وزیر اعلیٰ نے ضلع میں نئے اسکولوں کے قیام ، اسکولوں کی Upgradation، فرنیچر، ٹاٹ سمیت دیگر ضروری اشیاء کی کمی کو دور کرنے کے لئے محکمہ کو فوری رپورٹ ارسال کرنے کی ہدایت کی اس موقع پرکمشنر کوئٹہ ڈویژن قمبر دشتی نے بتایا کہ RAHAپروگرام (افغان مہاجرین سے متاثرہ اضلاع) کے تحت ضلع چاغی میں کروڑوں روپے کے منصوبوں پر عملدرآمد ہو رہا ہے۔