بیزاری نوجوان لڑکیوں کو وقت سے پہلے بوڑھا کر سکتی ہے:طبی ماہرین

جمعہ 7 نومبر 2014 16:04

بیزاری نوجوان لڑکیوں کو وقت سے پہلے بوڑھا کر سکتی ہے:طبی ماہرین

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7نومبر 2014ء)طبی ماہرین نے کہا ہے کہ اداسی، مایوسی اور حد درجہ کی بیزاری نوجوان لڑکیوں کو وقت سے پہلے بوڑھا کر سکتی ہے۔ ایک نفسیاتی رسالے میں شائع ہونیو الی تحقیق میں ماہرین نے کہا ہے کہ افسردہ رہنے والی لڑکیاں یا پھر ڈپریشن کا موروثی رجحان رکھنے والی لڑکیوں کا دباﺅ کی صورتحال میں ردعمل عام لڑکیوں سے مختلف ہوتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق اداسی، مایوسی اور حد درجہ کی بیزاری نوجوان لڑکیوں کو وقت سے پہلے بوڑھا کر سکتی ہے، افسردہ رہنے والی لڑکیاں یا پھر ڈپریشن کا موروثی رجحان رکھنے والی لڑکیوں کا دباﺅ کی صورتحال میں ردعمل عام لڑکیوں سے مختلف ہوتا ہے جسکی وجہ تناﺅ کی کیفیت میں افسردہ رہنے والی لڑکیوں کے جسم میں دباﺅ پیدا کرنےوالے ہارمون کارٹی سول کی زیادہ پیداوار ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

مطالعے سے یہ حیران کن انکشاف ہوا کہ ایسی لڑکیاں جن میں ڈپریشن موروثی تھا، کے کروموسوم کے آخری سروں پر واقع حفاظتی سرے تلومرکی لمبائی اپنی ہم عمر لڑکیوں سے نسبتاً کم تھی۔سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ کروموسوم کی حفاظتی کیپ تلومر کی لمبائی میں کمی کو بڑھتی عمر کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ تجربے سے معلوم ہوا کہ ڈپریشن کا شکار لڑکیوں میں تلومر کی لمبائی اتنی چھوٹی تھی ،جتنی ایک بالغ انسان کی زندگی کے چھ برس گزر جانے پر کم ہوتی ہے۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ جسم میں دباﺅ کے ہارمون کارٹی سول کا زیادہ مقدار میں اخراج ہمارے جسمانی اعضا ، مدافعتی نظام اور دماغ کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔تحقیق دانوں کے مطابق مایوسی اور افسردگی کی شکار لڑکیوں کو باقاعدگی سے ورزش کیساتھ ساتھ طویل دورانیہ کے ڈپریشن سے چھٹکاراحاصل کرنے کیلئے کوئی تکنیک بھی سیکھنی چاہیے۔