لاہور ہائیکورٹ کا صوبے کے ہسپتالوں کو سپلائی کی گئی ہیپا ٹائٹس کی آٹھ لاکھ کٹس تبدیل کرنے کا حکم

جمعہ 7 نومبر 2014 23:18

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 7نومبر 2014ء) لاہور ہائیکورٹ نے صوبے بھر کے ہسپتالوں کو سپلائی کی گئی ہیپا ٹائٹس کی آٹھ لاکھ کٹس تبدیل کرنے کا حکم دیدیا، جسٹس سید منصور علی شاہ نے محکمہ صحت پنجاب کو حکم دیا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ناقص کٹس مقامی مارکیٹ میں فروخت نہ ہوں اور انہیں واپس اسی ملک بھجوایا جائے جہاں سے انہیں درآمد کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے کٹس فراہم کرنے والی کمپنی لنکرز ایشیاء کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ محکمہ صحت نے انہیں ہیپاٹائٹس سی کی کٹس فراہم کرنے کا کنٹریکٹ دیا تھا اور مقررہ مدت کے اندر تمام کٹس فراہم کر دی گئیں تاہم بعض کٹس ناقص کوالٹی کی نکلیں تو ان کٹس کو تبدیل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تاہم اس کے باوجود اب محکمہ صحت ان کا کنٹریکٹ منسوخ کر کے کسی دوسری کمپنی کو دے رہا ہے لہذا محکمہ صحت کو کٹس کی فراہمی کا کنٹریکٹ منسوخ کرنے سے روکا جائے، پنجاب حکومت کی طرف سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل انوار حسین نے بتایا کہ کمپنی نے خود اعتراف کیا ہے کہ آٹھ لاکھ کٹس ناقص ہیں جنہیں استعمال کیا گیا تو سرکاری ہسپتالوں کے مریض متاثر ہونگے، اس پر درخواست گزار نے یقین دہانی کرائی کہ وہ آٹھ لاکھ کٹس کو تبدیل کرنے کیلئے تیار ہیں، درخواست گزار کی یقین دہانی پر عدالت نے آٹھ لاکھ کٹس کو تبدیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی، عدالت نے محکمہ صحت کو حکم دیا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ درخواست گزار کمپنی ان ناقص کٹس کو مقامی مارکیٹ میں فروخت نہ کرے اور ان کٹس واپس اسی ملک بھجوایا جائے جہاں سے یہ درآمد کی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :