وزیراعظم نواز شریف ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے انتہائی سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں ‘ عائشہ رضا فاروق

ہفتہ 8 نومبر 2014 13:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 8نومبر 2014ء) وزیراعظم پولیو پروگرام کی فوکل پرسن عائشہ رضا فاروق نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے انتہائی سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ ہم مہلک مرض سے چھٹکارا حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ نیشنل ٹاسک فورس کے حالیہ اجلاس میں تمام صوبوں کے وزراء اعلیٰ نے بھی اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ انسداد پولیو کیلئے ہرممکن کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

نہ صرف تمام بچوں کوپولیو کے قطرے پلائے جائیں گے بلکہ پولیو ورکرز کو فول پروف سیکورٹی بھی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پولیو ورکرز انتہائی اہم اور مشکل کام سرانجام دے رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں فوکل پرسن برائے پولیو نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ان پولیو ورکرز کو وظائف دیئے جا رہے ہیں جسے مزید بھی بڑھایا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتیں بھی انہیں سپورٹ کریں گی تاکہ وہ اپنا کام بہتر طریقے سے ادا کر سکیں۔