10 نومبر سے شروع ہونیوالی تین روزہ پولیو مہم کامیاب بنانے کیلئے تمام محکمے کلیدی کردار ادا کریں،طلعت محمود گوندل

ہفتہ 8 نومبر 2014 17:14

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 8نومبر 2014ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوندل نے کہا ہے کہ 10 نومبر سے شروع ہونے والی تین روزہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام تر محکمے اپنا کلیدی کردار ادا کریں ․ تاکہ پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ کیا جاسکے ․ انہو ں نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران جن محکمو ں کے اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں وہ محکمے اپنا فوکل پرسن نامزد کریں تاکہ ڈیوٹی کے دوران غفلت برتنے والے اہلکارو ں کے خلاف محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جا سکے ۔

(جاری ہے)

یہ بات انہو ں نے ای ڈی او ہیلتھ آفس راولپنڈی میں پولیو مہم کے حوالے کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ․ ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ظفر اقبال گوندل , اے سی کینٹ رعنا حمید, اے سی سٹی قراة العین ملک, ڈی ڈی اوز ہیلتھ کہوٹہ , مری , ٹیکسلا , کوٹلی ستیاں, ڈاکٹر بشیر احمد , ڈاکٹر اظہر عباس, ڈاکٹر سجاد حسین , ڈاکٹر شعیب محمود , صدر روٹری کلب راولپنڈی نوشیروان خلیل , پروفیسر تھامس ابراہم , ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اسلم میتلا , ای ڈی او زراعت ڈاکٹر شاہد سجاد اور دیگر متعلقہ محکمو ں کے افسران اس موقع پر موجود تھے ․ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ظفر اقبال گوندل نے کہا کہ پانچ سال سے کم عمر کے 6 لاکھ 75 ہزار 8 سو 84 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے ․ انہو ں نے کہا کہ اس سلسلے میں 429 موبائل ٹیمیں ترتیب دی گئی ہیں․جبکہ بس سٹینڈز , ریلوے سٹیشنز پر موجودمسافروں کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیئے ٹیمیں ہر وقت موجود رہیں گی ․انہوں نے کہا کہ راولپنڈی شہر میں کے پی کے سے آنے والے آئی ڈی پیز کی وجہ سے پولیو وائرس دوسرے علاقوں میں منتقل ہو رہا ہے ․ جس کی وجہ سے پولیو کے زیادہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں․اس وائرس پر قابو پانے کے لیئے موثر اور عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ․تاکہ آئی ڈی پیز کے ساتھ آنے والے بچوں سمیت راولپنڈی ڈویژن کے تمام پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں تاکہ ہماری آنے والی نسل اس موذی مرض سے مستقل نجات حاصل کر سکے ․ اور مستقبل کا پاکستان صحتمند , تندرست و توانا شہریوں پر مشتمل ہو ۔

متعلقہ عنوان :