کاشتکاروں سے گنا خرید کرنے کیلئے انکے قریبی مقامات پر شوگر ملز کے پرچیز سینٹرزقائم کرنے کے انتظامات مکمل کرکے بلاتاخیر رپورٹ پیش کی جائے،ڈی سی او بھکر

ہفتہ 8 نومبر 2014 18:23

بھکر ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 8نومبر 2014ء) ڈی سی او محمدزمان وٹونے مقامی شوگر ملز انتظامیہ کو احکامات جاری کیے ہیں کہ کرشنگ سیزن کے جلد ازجلدآغاز اور کرشنگ سیزن کے دوران کاشتکاروں سے گنا خرید کرنے کیلئے انکے قریبی مقامات پر شوگر ملز کے پرچیز سینٹرزقائم کرنے کے انتظامات مکمل کرکے بلاتاخیر رپورٹ پیش کی جائے ۔انہوں نے یہ احکامات ڈسٹرکٹ شوگر کین پر چیز مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیے جس میں گنے کے کاشتکاروں کی فلاح و بہبود اور ان کو سہولیات کی فراہمی کے ضمن میں حکومت پنجاب کی جاری کردہ پالیسی گائیڈ لائن پر کامل عملدرآمد کی حکمت عملی وضع کی گئی ۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز،کاشتکاروں کے نمایندہ عنایت اللہ خان شہانی ،محکمہ پولیس ،لیبرو دیگر متعلقہ شعبوں کے افسران اور شوگر ملز انتظامیہ کے نمائندگان نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ڈی سی او نے شوگر ملزانتظامیہ کو تاکید کی ہے کہ کاشتکاروں سے گنے کی خرید حکومت پنجاب کے مقرر کردہ نرخ 180 روپے فی چالیس(40)کلوگرام کی شرح سے یقینی بنائی جائے اور گنا خرید کرنے کے بعد ادائیگیوں کا عمل حکومتی پالیسی کے مطابق تیز رفتار ی سے مکمل کیا جائے ۔

انہوں نے کرشنگ سیزن کا آغاز جلد ازجلد کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور ڈی او لیبر کو ہدایت کی کہ کرشنگ سیزن کے آغاز سے تکمیل تک شوگر ملز انتظامیہ کی طرف سے گنا خریداری کے عمل میں اوزان کی باقاعدہ چیکنگ کی جائے تاکہ گنے کے کاشتکاروں کو معاشی نقصان سے بچایا جاسکے ۔اجلاس کے دوران کاشتکاروں کے نمایندہ عنایت اللہ خان شہانی نے کرشنگ سیزن کے دوران کاشتکاروں کو پیش آنے والے مسائل سے ڈی سی او کو آگاہ کیا جس پر ڈی سی اونے کہا کہ کرشنگ سیزن کے دوران ضلعی انتظامیہ مکمل مانیٹرنگ کرے گی تاکہ گنے کے کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کے تمام تر امور پر حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایا جاسکے۔