ڈی سی او بھکر نے فارما سوٹیکل کمپنیوں کے میڈیکل ریپس کو ضلع کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں جانے سے روک دیا

ہفتہ 8 نومبر 2014 18:23

بھکر ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 8نومبر 2014ء) ڈی سی او محمد زمان وٹو نے فارما سوٹیکل کمپنیوں کے میڈیکل ریپس کو ضلع کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں جانے سے روک دیا ہے تاکہ ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجہ کے امور میں تاخیر یا خلل نہ آنے پائے ۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں ڈی سی او کے جاری کردہ مراسلہ میں ای ڈی او ہیلتھ ،ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرزاور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کے ایم ایس حضرات ،رورل ہیلتھ سینٹرز کے ایس ایم اوز اور بنیادی مراکز صحت کے ایم اوز کو میڈیکل ریپس پر عائد کی گئی پابندی کے احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

ڈی سی او نے واضح کیا ہے کہ مختلف فارما سوٹیکل کمپنیوں کے میڈیکل ریپس سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کے پاس جاکر مریضوں کے علاج معالجہ کے عمل میں خلل کاباعث بنتے ہیں جس کا سختی سے نوٹس لیا گیا ہے ۔انہوں نے خبر دار کیا کہ مذکورہ احکامات کی خلاف ورزی کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا اور اگر کوئی میڈیکل ریپ کسی سرکاری ہسپتال کے احاطہ میں ڈاکٹروں سے اپنی کمپنی کی ادویات تجویز کرانے کیلئے پایا گیا تو اس کے خلاف کار سرکار میں مداخلت کا کیس زیر دفعہ 186 پی پی سی (PPC) درج کرایا جائے گا۔