راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبے جیسا منصوبہ کوئی بھی شخص یا حکومت کسی دوسرے صوبے میں اسی معیار کے مطابق اتنی ہی مالیت میں تعمیر کر کے دکھائے ، حنیف عباسی ، منصوبہ عوامی بہبود کا ایسا منصوبہ ہے جس سے زیادہ تر غریب اور متوسط طبقہ مستفید ہو گا ․ اور یہ منصوبہ ایک سٹیٹ آف دی آرٹ ماس ٹرانزٹ سسٹم ہو گا،منصوبے کی بلا جواز مخالفت کرنے والے عوام کو میسر آنے والی سہولتوں اور ریلیف کو برداشت نہیں کر پا رہے،خصوصی بریفنگ کے دوران اظہار خیل

اتوار 9 نومبر 2014 22:33

راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبے جیسا منصوبہ کوئی بھی شخص یا حکومت ..

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9نومبر۔2014ء) میٹرو بس عملدرآمد کمیٹی کے چیئرمین و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبے جیسا منصوبہ کوئی بھی شخص یا حکومت کسی دوسرے صوبے میں اسی معیار کے مطابق اتنی ہی مالیت میں تعمیر کر کے دکھائے ․ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس منصوبہ عوامی بہبود کا ایسا منصوبہ ہے جس سے زیادہ تر غریب اور متوسط طبقہ مستفید ہو گا ․ اور یہ منصوبہ ایک سٹیٹ آف دی آرٹ ماس ٹرانزٹ سسٹم ہو گا․ انہو ں نے کہا کہ میٹرو بس منصوبے کی بلا جواز مخالفت کرنے والے عوام کو میسر آنے والی سہولتوں اور ریلیف کو برداشت نہیں کر پا رہے ․ حالانکہ یہ ایسا منصوبہ ہے جس کے ذریعے راولپنڈی اور اسلام آباد کے عوام براہ راست مستفید ہو ں گے ․ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس منصوبے پر عملدرآمد کر کے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے نہ صرف اپنا وعدہ پورا کیا بلکہ لاہور کے بعد راولپنڈی کے عوام کی ضرورتوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایک بین الاقوامی معیار کا ماس ٹرانزٹ سسٹم فراہم کیا ہے ․ جس کی تکمیل کے بعد مخالفین کے منہ خود بخود بند ہو جائیں گے․انہوں نے ان خیالات کا اظہار راولپنڈی پریس کلب میں میٹرو بس منصوبے پر اب تک ہونے والی تعمیری پیش رفت کے حوالے سے منعقدہ خصوصی بریفنگ کے دوران کیا ․ محمد حنیف عباسی نے کہا کہ اگست کے شروع سے لے کر گزشتہ ماہ تک دھرنوں کی وجہ سے میٹرو بس پراجیکٹ کی تعمیری رفتار پر اگرچہ بہت زیادہ اثر پڑا اور جس تیز رفتاری سے اس منصوبے کو نو ماہ کی مدت میں مکمل کیا جانا تھا وہ ہدف اب دس ماہ کی مدت میں 30 جنوری 2015 تک اس کی تکمیل کر کے حاصل کر لیا جائے گا ․ انہو ں نے کہا کہ سروسز کی منتقلی, لینڈ ایکوزیشن کے کام سمیت منصوبے کے ہر مرحلے پر مشکلات ضرور درپیش رہیں لیکن ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی کے عہدیداروں, اراکین , تاجر برادری , صحافیوں اور معاشرے کے تمام مکاتب فکر کے لوگوں کے تعاون سے یہ منصوبہ تیز رفتاری کے ساتھ تکمیل کی منزل کی جانب گامزن ہے ․ اور اس منصوبے پر کم و بیش ساٹھ فیصد کام مکمل ہو چکا ہے ․ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس منصوے کے لیئے حقیقی طور پر دس ماہ کی مدت مقرر کی گئی تھی ․ لیکن جس تیز رفتاری سے منصوبے کا آغاز ہوا اسے پیش نظر رکھتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے اسے نو ماہ کی مدت میں مکمل کرنے کی ہدایات دی تھیں ․ انہوں نے کہا کہ لینڈ ا یکوزیشن کے ضمن میں راولپنڈی کے نجی مالکان کو 45 لاکھ روپے مرلہ تک کے حساب سے ادائیگیاں کی گئی ہیں․ جبکہ کرایہ دار تاجروں کو جن کا کاروبار متاثر ہوا تھا بھی ایک سال کا ایڈوانس کرایہ دیا گیا ہے ․ اور حکومت نے پوری کوشش کی کہ تاجروں کی ممکنہ تلافی کی جا سکے ․ محمد حنیف عباسی نے کہا کہ تاجر برادری کی طرف سے جس فراخدلی اور بھرپور تعاون کا مظاہرہ کیا گیا اس پر وہ ان کے مشکور ہیں ․ انہو ں نے کہا کہ میٹرو بس منصوبے کی تکمیل سے راولپنڈی سے اسلام آباد آنے جانے والے ڈیڑھ لاکھ سے زائد مسافروں کو فائدہ حاصل ہو گا․ اور وہ بیس روپے کے رعائیتی کرائے پر فلیشمنز ہوٹل راولپنڈی سے پاک سیکرٹریٹ اسلام آباد کا سفر طے کر سکیں گے ․ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تمام ارکان اسمبلی , پارٹی عہدیدار, کارکن اور راولپنڈی اسلام آباد کے شہری وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے شکر گزار ہیں جنہوں نے وفاقی دارالحکومت کے جڑواں شہروں میں بین الاقوامی معیار کا ماس ٹرانزٹ سسٹم کا منصوبہ دیا ۔