شہر قائد کی 97 یوسیزمیں پولیومہم کا آغاز کردیا گیا

پیر 10 نومبر 2014 17:29

کراچی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 10نومبر 2014ء)کراچی کے حساس ترین علاقوں میں انسداد پولیو کی خصوصی مہم کا آغاز کردیا گیا تاہم کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں پولیو ورکز نے تنخواہیں نہ ملنے پر مہم میں حصہ لینے سے انکار کر دیا ہے جبکہ بلدیہ ٹاؤن میں سیکورٹی نہ ملنے پر پولیو مہم تاخیر کا شکار ہو گئی۔ حکومت سندھ کی جانب سے شہر کے مختلف حساس علاقوں لانڈھی ، کورنگی ، بلدیہ ٹاؤن اور ابراہیم حیدری میں پولیو مہم شروع کی جانی تھی لیکن ابراہیم حیدری میں پولیو ورکرز نے تنخواہیں نہ ملنے پر مہم میں حصہ لینے سے انکار کر دیا ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیو ورکرز نے متعلقہ پولیو کے افسروں کو آگاہ کر دیا ہے کہ وہ تنخواہیں نہ ملنے پر کام نہیں کریں گے ، بلدیہ ٹاؤن میں پولیو ورکرز کا کہنا تھا کہ حساس علاقوں میں بغیر سیکیورٹی کے نہیں جا سکتے ، لانڈھی اور کورنگی میں سیکورٹی تاخیر سے ملنے پر پولیو مہم دو گھنٹے تاخیر سے شروع ہوئی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ خصوصی پولیو مہم میں 8 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے ،مہم کے دوران 97 یوسیز میں پولیو رضاکار گھرگھر جاکرپانچ سال کی عمر تک بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائیں گے،مہم لانڈھی اورملیرکے علاوہ دیگرحساس علاقوں میں چلائی جارہی ہے جس میں ان علاقوں کے آٹھ لاکھ اٹھارہ ہزار بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جا ئیں گے،مہم میں ڈھائی ہزار پولیو رضاکار حصہ لے رہے جنہیں پولیس اہلکارسیکیورٹی فراہم کررہے ہیں۔

کراچی میں قومی انسداد پولیو مہم کے دوران حساس علاقوں میں سیکیورٹی خدشات کے باعث پولیو مہم التوا کا شکار ہوگئی تھی۔