قیدیوں کو جدید طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے،سیکرٹری داخلہ سندھ

پیر 10 نومبر 2014 20:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10نومبر 2014ء) سیکریٹری محکمہ داخلہ سندھ ڈاکٹر نیاز علی عباسی نے آئی۔ جی۔ جیل خانہ جات کو ہدایت دی ہے کہ ملیر ڈسٹرکٹ جیل میں قیدیوں کے علاج معالجے کے لئے تمام ضروری سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے قیدیوں کو امراض کے علاج معالجے کی عدم سہولتوں کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ قیدیوں کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کے لئے جامع منصوبہ بندی کے تحت جدید طبی سہولتیں بلا تفریق فراہم کی جائیں ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ قیدیوں کے علاج کے لئے موجود مشینری کو کار آمد بنانے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور اس سلسلے میں تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔سیکریٹری داخلہ نے ملیر ڈسٹرکٹ جیل میں قید بعض قیدیوں کو موبائل فون کی سہولت کی فراہمی کا بھی سخت نوٹس لیا اور آئی جی جیل خانہ جات کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر قانون کی خلاف ورزی کرنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف کار روائی عمل میں لائیں اور جیل مینوئل کی سختی سے پابندی کی جائے۔

متعلقہ عنوان :