تھر کے متاثرین کیلئے ایم کیوایم کی جانب سے طبی و امدادی سرگرمیوں کا دوسرا دن

پیر 10 نومبر 2014 21:39

ننگر پار(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10نومبر 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے تھر کے متاثرین کیلئے طبی و امدادی سرگرمیوں کے دوسرے دن آج تھرکے تعلقہ ننگرپارکرمیں سینکڑوں متاثرین میں لاکھوں روپے مالیت کی غذائی اجناس، پانی دیگرروزمرہ استعمال کی اشیاء اورادویات فراہم کی گئیں۔ اس سلسلے میں ایم کیوایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن اور ایم کیوایم میڈیکل ایڈ کمیٹی کے زیراہتمام ننگر پارکر کے علاقے پیلو میں امدادی کیمپ قائم کیاگیاجہاں علی الصبح متاثرین کا زبردست ہجوم دیکھنے میں آیا ۔

امدادی کیمپ سے سینکڑوں متاثرین میں لاکھوں روپے مالیت کی غذائی اجناس اور امدادی سامان تقسیم کیا گیا جن میں پینے کاصاف پانی، آٹا ، چاول ، دالیں ، تیل ، گھی ، خشک دودھ ، واٹر کولر اور دیگر ضروریات زندگی کا سامان بہت بڑی مقدار میں شامل تھا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر لگائے گئے طبی کیمپ پر میڈیکل ایڈ کمیٹی کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے مختلف بیماریوں میں مبتلا بچوں،خواتین، نوجوانوں اور بزرگوں کا طبی معائنہ کیا اور انہیں بھاری مالیت کی ادویات فراہم کیں۔

امدادی سرگرمیوں میں ایم کیوایم عمرکوٹ زون کے کارکنوں، عہدیداروں، خدمت خلق فاوٴنڈیشن کے رضاکاروں،میڈیکل ایڈکمیٹی کے ڈاکٹروں اورپیرامیڈیکل اسٹاف نے حصہ لیا جبکہ رابطہ کمیٹی کے رکن اشفاق منگی ، حق پرست رکن قومی اسمبلی سنجے پروانی ، رکن سندھ اسمبلی پونجو مل بھیل اور سندھ تنظیمی کمیٹی کے اراکین بھی کیمپوں پرموجودرہے اورامدادی سرگرمیوں کی نگرانی کرتے رہے ۔

رابطہ کمیٹی کے رکن اشفاق منگی نے متاثرین سے دلی ہمدردی کااظہا رکیا اور انہیں قائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے ہرممکن تعاون کایقین دلایا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اشفاق منگی نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین تھر میں قحط کے باعث کئی بچوں اور خواتین کی اموات پر انتہائی دکھی ہیں اور ان کی جانب سے تھرکے متاثرین کو طبی و امدادی سرگرمیوں کی فراہمی کیلئے جو ٹیم روانہ کی گئی ہے وہ دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہے ۔

انہوں نے کہاکہ تھر میں قحط سالی کے باعث لوگوں کی اموات ہورہی ہیں لیکن حکومت سندھ کی تھر کے بیمار ، لاچار اور دکھی عوام سے لاتعلق نظرآتی ہے اور بے حسی کامظاہرہ کررہی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ طبی وامدادی کیمپ پر تھر متاثرین نے غذائی اجناس ، امدادی سامان اور طبی سہولیات کی فراہمی پر قائد تحریک الطاف حسین سے دلی تشکر کا اظہار کیا اور کہا کہ تھر میں جب بھی قحط نے ڈیرے ڈالے ہیں الطاف حسین نے تھر متاثرین کو کبھی مایوس نہیں کیا اور ان کی جانب سے اس مرتبہ بھی جس طرح سے ہماری امداد کی جارہی ہے وہ عبادت کا درجہ رکھتی ہے ۔

اس موقع پر انہوں نے الطاف حسین کی درازی عمر ، صحت وتندرستی اور ناگہانی آفات سے بچاؤ کیلئے دعائیں بھی کیں۔ تھرکے متاثرین کیلئے ایم کیوایم کی جانب سے جاری امدادی سرگرمیوں کے سلسلے میں کل بروزمنگل تھرکے علاقے چھاچھرو میں امدادی کیمپ قائم کیاجائے گا۔

متعلقہ عنوان :