گورنرپنجاب سے دل کی مریضہ اسماء کی خواہش پر ملاقات

پیر 10 نومبر 2014 22:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10نومبر 2014ء ) گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاؤس لاہور میں ”اخوت“ کے پراجیکٹ ”اخوت ڈریم“ کے زیر اہتمام پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے(عرفان بلاک) میں زیر علاج دل کی مریضہ اسماء کی خواہش پر ان سے ملاقات کرائی گئی۔اس موقع پر بیگم گورنر پنجاب پروین سرور، ڈاکٹر اظہار الحق ہاشمی ، ڈاکٹر عصمت لغاری ،روبی دانیال، عظمیٰ بھٹی ، محمد عبداللہ اور سیو لائف واٹر فلٹریشن پلانٹ کی کوآرڈینیٹڑ رابعہ ضیاء بھی موجود تھی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ اور ان کی بیوی فلاح و بہبود کے کام کر کے دلی سکون محسوس کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام گندا پانی پینے سے بیشمار بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں اگر ان لوگوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کیا جائے تو پاکستان میں مریضوں کی شرح میں کمی ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اخوت کے فلاحٰ کاموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس دور میں کسی لالچ کے بغیر رفاح عامہ کے کام کرنا کسی نیکی سے کم نہیں۔

اس موقع پرگورنر پنجاب کافی دیر تک مریضہ بچی سے باتیں کر تے رہے۔گورنر پنجاب کے پوچھنے پر اسماء نے بتایا کہ وہ ان کی آئیڈیل شخصیت ہیں اور پاکستان میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کیلئے کی جانیوالی کاوشیں کسی نعمت سے کم نہیں۔اس موقع پرڈاکٹر اظہار الحق ہاشمی نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ” اخوت ڈریم“ ان بچوں سے جو شدید نوعیت کے امراض میں مبتلا ہیں سے کوئی ایک خواہش پوچھتے ہیں اور پھر اس خواہش کو فوری طور پر پورا بھی کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان کا ادارہ پی آئی سی سمیت پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں زیر علاج شدید نوعیت کی بیماری میں مبتلا بچوں سے ان کی خواہش پوچھ کر اسے پورا کرتا ہے اور پھر اس خوشی کے لمحات میں ان کے ساتھ وقت گزار کر ان کی خوشی کو دوبالا کیا جاتا ہے۔