پولیوایک قومی مسلہ بن چکاہے۔اس سے جنگی بنیادوں پرنمٹنا ہوگا،کمشنرژوب

منگل 11 نومبر 2014 14:43

موسیٰ خیل(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 11نومبر 2014ء)پولیوایک قومی مسلہ بن چکاہے۔اس سے جنگی بنیادوں پرنمٹنا ہوگا۔اگلے چند مہمات میں اس کے جڑسے خاتمے کاہدف ایک چیلنج ہے جسے ہرصورت میں قبول کرکے پانا ہوگا۔ان خیالات کا اظہارکمشنرژوب ڈویژن ڈاکٹرکاظم نیازاورصوبائی ٹیکنیکل فوکل پرسن انسدادپولیوڈاکٹرمسعودنے پولیومہم کی افتتاح کے موقع پرضلعی انتظامی آفیسران اور بچوں کے والدین سے بات چیت کرتے ہوئے کیاہے انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان ان تین ممالک میں آج بھی شامل ہے جہاں آج بھی پولیوجیسے موذی مرض کے وائرس پائے جاتے ہیں جس کے باعث ہمیں بحیثیت ایک قوم بین الاقوامی برادری میں شرمندگی کا سامنا ہوتاہے۔

اگرآئندہ مہمات میں اس مرض کا خاتمہ نہ کیا گیاتواقوام عالم کے ساتھ معامالات میں ہمیں دشواری ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

ہمیں اس قومی مسلہ پر بھر پور توجہ دینی ہوگی اورایک ایک بچہ تک قطرے پہنچانے ہونگے۔انہوں نے کہا ہمیں اس مسلے سے جنگی بنیادوں پر نمٹنا ہوگا۔انہوں نے کہا اس مشن میں متعلقہ اداروں کے علاوہ اساتذہ کرام،علماء ومشائخ،سماجی کارکنان اورصحافیوں کوبھی بھرپورکرداراداکرنا ہوگا۔

ضلعی انتظامیہ اپنی ٹیموں اور یونین کونسلزکمیٹیوں بھرپورفعالیت پربھرپور توجہ دیں۔تاکہ والدین کواس موذی مرض کے خطرناک نتائج او راس کے مضمرات سے سے خبردارکیا جاسکے۔ضلعی آفیسران ٹیموں کی بھر پور مانیٹرنگ کریں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی رعایت نہ کی جائے۔جس بھی اہلکارکو کاہلی کا مرتکب پایاجائے اس کے خلاف لکھیں تاکہ اس کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔

انہوں نے کہا اس سلسلے میں قبائلی عمائیدین کا بھی اہم کردارہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ وہ اپنی مانیٹرنگ کے دوران کسی سے کوئی بھی رعایت نہیں کریں گے۔اس دوران ڈپٹی کمشنرآغانبیل اخترنے ضلع اورپولیومہم کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں انسدادپولیومہم کو موٴثربنانے کیلئے اقدامات کئے جاچکے ہیں۔کمشنر ژوب ڈاکٹرکاظم نیازنے شہراور گردونواح کے بعض یونین کونسلزمیں خودجاکرانسدادپولیومہم کا مشاہدہ کیااورکو تاہیوں کے مرتکب افرادکے خلاف کاروائی کرنے کی ہدایت کی۔

ڈاکٹرکاظم نے ضلع میں جاری ترقیاتی سکیمات کا بھی معائنہ کیا۔انہوں نے اپنے دورے کے دوران ڈگری کالج،سٹیڈیم،جوڈیشل کمپلیکس،تحصیل کمپلیکس اور دیگر سکیمات کا معائنہ کیاہے۔