مشیر صحت پنجاب کا سیکرٹری ہیلتھ جواد رفیق ملک کے ہمراہ شیخ زید ہسپتال کا دورہ ،ہسپتال کے لئے تعمیر شدہ بلاک کا معائنہ کیا

منگل 11 نومبر 2014 17:25

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 11نومبر 2014ء) مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ شیخ زید ہسپتال لاہور کے توسیع شدہ بلاک کو فنکشنل کرنے کے لئے صوبائی حکومت 511ملین روپے کی اضافی گرانٹ دے گی، نئے بلاک کے فنکشنل ہونے سے ہسپتال آنے والے مریضوں کے علاج معالجہ کی سہولیات میں اضافہ کے ساتھ زیادہ مریضوں کے داخلہ کی گنجائش پیدا ہو جائے گی۔

انہوں نے یہ بات منگل کے روز سیکرٹری ہیلتھ جواد رفیق ملک کے ہمراہ ہسپتال کے دورہ کے موقع پر کہی۔ خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری صحت نے شیخ زید ہسپتال کے لئے تعمیر شدہ بلاک کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ہسپتال کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر فرخ اقبال، ایڈمنسٹریٹرڈاکٹر اکبر حسین اور ہسپتال کے دیگر سینئر ڈاکٹرز بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

پروفیسر فرخ اقبال نے بتایا کہ ہسپتال کا نیا بلاک بالکل تیار ہے اور آپریشن تھیٹرز اور دیگر میڈیکل آلات بھی نصب کر دیئے گئے ہیں جبکہ ہسپتال کے نئے بلاک کو فنکشنل کرنے کے لئے سٹاف کی بھرتی کے لئے SNE کی منظوری اور اضافی گرانٹ درکار ہے ۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ اضافی گرانٹ کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔اس موقع پر ہسپتال کے چیئرمین پروفیسر فرخ اقبال نے شیخ زید ہسپتال کی ترقی اور لیور ٹرانسپلانٹ کے شعبہ کو اپ گریڈ کرنے میں ذاتی دلچپسی لینے پر وزیر اعلی محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کے ویژن کے مطابق شیخ زید ہسپتال انتظامیہ مریضوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت لاہور میں ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ سینٹر قائم کرنے کے لئے تیزی سے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ زید ہسپتال کے لیور ٹرانسپلانٹ سنٹر کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا تا کہ جگر کی پیوند کاری کی سہولت اندرون ملک با آسانی دستیاب ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :