صوبائی وزیر صحت جام مہتاب ڈھر کا سول ہسپتال سکھر میں پیتھالوجسٹ کی عدم موجودگی کا سخت نوٹس

منگل 11 نومبر 2014 20:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11نومبر 2014ء ) صوبائی وزیر برائے صحت و خوراک جام مہتاب حسین ڈھر نے سول ہسپتال سکھر میں پیتھالوجسٹ کی عدم موجودگی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری صحت کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر کسی پیتھالوجسٹ کو تعینات کیاجائے ۔ صوبائی وزیر صحت و خوراک کی ہدایت پر سیکریٹری صحت اقبال درانی نے 20 گریڈ کے سینئر پیتھالوجسٹ ڈاکٹر طارق درشیانی کو سول ہسپتال سکھر میں تعینات کردیا ہے ۔

صوبائی وزیر صحت و خوراک جام مہتاب حسین ڈھر نے سول ہسپتال سکھر کی انتظامیہ کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ ہسپتال میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنائے اور مریضوں کو بھرپور سہولیات فراہم کی جائیں۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر صحت جام مہتاب حسین ڈھر نے بتایا کہ تین روزہ پولیو مہم کے دوران پہلے دن کراچی کی 86 یونین کونسلز میں 194114 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ تین روزہ پولیو مہم کے دوران 654268 بچوں کو پولیو کے قطرے پلوائے جائیں گے اور پہلے دن 30 فیصد ٹارگٹ حاصل کرلیا گیا ہے۔صوبائی وزیر صحت و خوراک جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا کہ پولیو مہم بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہے اور پولیو ٹیموں کو سیکورٹی فراہم کرنے کے لئے پولیس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اس کے علاوہ سول سوسائٹی کا بھی بھرپور تعاون حاصل ہے ۔ انہوں نے والدین سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوائیں اور ان کو پولیو کے موذی مرض سے محفوظ کریں ۔