پولیو مہم کے دوران ورکرز کی سیکورٹی یقینی بنائی جائے ،سید محمد علی شاہ

منگل 11 نومبر 2014 20:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11نومبر 2014ء) ضلع غربی کے حساس مقامات پر پولیو مہم کی کامیابی اصل ہدف ہے ،حکومتی اداروں سمیت تمام متعلقہ ادارے پولیو سے پاک پاکستان کے لئے پر عزم ہیں ، پولیو کے خاتمے کا کام مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں ،پاکستان جلد ہی پولیو سے پاک ملک کی فہرست میں شامل ہوجائیگا، پولیو مہم کے دوران کسی بھی ادارے کی جانب سے کوتاہی قبول نہیں کی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ضلع غربی سید محمد علی شاہ نے ضلع غربی میں پولیو مہم کے آغاز کیساتھ ہی ضلع بھرکے حساس مقامات کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ، ایڈیشنل کمشنر ون سید شجاعت حسین ، ڈی آئی جی ویسٹ طاہر نوید اورایس ایس پی ویسٹ اسلم بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ضلع غربی سید محمد علی شاہ نے یونین کونسل7گڈاپ ٹاؤن ،بلوچ گوٹھ یونین کونسل 13اورنگی ٹاؤن ،سائٹ یوسی 4سمیت دیگر اندرون و حساس علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور پو لیو ورکرز کی سیکیورٹی سمیت پولیو مہم کی کامیابی کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا انہوں نے پولیس حکام کو ہدایت کی وہ پولیو ورکرز کی سیکیورٹی کے لئے خصوصی اقدامات کے تسلسل کو برقرار رکھیں تاکہ ہر گلی و محلہ کے بچو ں کو پولیو کے قطرے بلا خوف و خطر پلا کر مستقبل کے معماروں کو اس موذی مرض سے بچایا جا سکے ۔

اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ضلع غربی سید محمد علی شاہ نے کہا کہ پولیو کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ یقینا افسوس ناک ہے جو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے لئے نیک شگون ہرگز نہیں ہے ہم نے پولیو کو جڑ سے ختم کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے اور اس کے لئے تمام وسائل بھی بروئے کار لا رہے ہیں تاہم مذہبی و سماجی حلقے اور علمائے کرام کی مشترکہ کوششوں سے پولیو کے مرض پر جلد قابو پایا جا سکتا ہے ۔

ڈپٹی کمشنر ضلع غربی سید محمد علی شاہ نے مزید کہا کہ دنیا کے بیشتر ممالک پولیو کے مرض کو کنٹرول کر چکے ہیں جس کے بعد پولیو پاکستان ،بھارت افغانستان اور نائیجریا تک محدود ہو گیا ہے امید ہے کہ ان ممالک کے مقابلے پاکستان پولیو کی فہرست سے پہلے باہر آئے گا تاہم یہ یقین رکھا جائے کہ پاکستان جلد ہی پولیو سے پاک ملک کی فہرست میں شامل ہوجائیگا قریب ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیو مہم کے دوران کسی قسم کی کوتاہی قبول نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :