کوہاٹ ، پولیو ورکرز نے معاوضوں کی عدم ادائیگی کے خلاف انسداد پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا

بدھ 12 نومبر 2014 12:29

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 12نومبر 2014ء ) کوہاٹ میں پولیو ورکرز نے چھ ماہ سے معاوضوں کی عدم ادائیگی کے خلاف رواں انسداد پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا جس کے باعث ایک لاکھ سے زائد بچے پولیو کے قطروں سے محروم رہ جانے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ورکرز نے معاوضہ نہ ملنے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی اور کوہاٹ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق پولیو ورکرز نے پولیو حکام کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد لیاقت میموریل اسپتال سے کوہاٹ پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی ۔ریلی کی قیادت کوہاٹ پیرامیڈیکس کے صدر راشد بخاری کر رہے تھے ۔ریلی میں ہیلتھ ورکرز کے علاوہ اساتذہ بھی موجود تھے۔مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔

(جاری ہے)

پولیو حکام اور ڈی ایچ او کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے ۔

بینر اور پلے کارڈز پر اپنے حقوق کے لیے عبارت درج کیے گئے تھے اور اپنے حقوق کے حصول کے لیے نعرے بازی بھی کر رہے تھے۔اس موقع پرپیرا میڈیکس کے صدر راشد بخاری کا کہنا تھا کہ کوہاٹ پولیو حکام ان کے ساتھ کئی ماہ سے زیادتی کر رہے ہیں ان کا کہنا تھا کہ پولیو ورکرز کو رواں سال جون سے تاحال معاوضوں کی ادائیگی نہیں کی گئی اس کے علاوہ خسرہ مہم کے بھی کئی مہینوں کا معاوضہ نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران کئی خطرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن اس کے باوجود وہ اپنی ڈیوٹی ایمانداری سے انجام دیتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پولیو مہم میں خواتین کی بھی بڑی تعداد ڈیوٹیاں کرتی ہیں ان کے ساتھ بھی یہ ظلم کیا جا رہا ہے غریب ہیلتھ ورکرز کے بچوں کے پیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا ہے۔صدر پیرامیڈیکس راشد بخاری نے حکومت اور صحت کے اعلی حکام سے معاوضوں کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کیا بصورت دیگر پولیو مہم کا بائیکاٹ برقرار رہے گا۔واضح رہے کہ بائیکاٹ کی وجہ سے کوہاٹ میں ایک لاکھ سے زائد بچے انسداد پولیو مہم کے قطروں سے محروم رہ جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :