بلاول بھٹو کے پارٹی چیئرمین ہونے کے باوجود بعض رہنماؤں کا ملاقات سے انکار کرنا لمحہ فکریہ ہے ‘ سردار حر بخاری

جمعرات 13 نومبر 2014 17:21

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 13نومبر 2014ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سردار حر بخاری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کے پارٹی چیئرمین ہونے کے باوجود بعض رہنماؤں کا ان سے ملاقات سے انکار کرنا لمحہ فکریہ ہے ، اب بھی وقت ہے کہ بلاول بھٹو اپنی سمت کا تعین کریں اور پیرا شوٹ کے ذریعے آنیوالوں کی سیاست کی بجائے اپنے شہید نانا اور والدہ کی سیاسی میراث کو لے کر چلنے کوواضح اعلان کریں۔

اپنے ایک بیان میں سردار حر بخاری نے کہا کہ آج بھی اپنے اس مطالبے پر قائم ہیں کہ پارٹی سے مفاد پرستوں کا صفایا کیا جائے اور نظر اندازکئے گئے نظریاتی رہنماؤں اور کارکنوں کو مشاورت میں شامل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد جو جدوجہد شروع کی تھی اگرہم نے اسکی قیمت وصول کرنا ہوتی تو پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں خاموشی اختیار کر لیتے ،پیپلزپارٹی سے نظریاتی وابستگی رکھنے والوں کے ضمیر کی قیمت نہیں لگائی جا سکتی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بی بی شہید کا بیٹا ہونے کے ناطے ہمیں بلاول بھٹو سے بہت پیار ہے لیکن یہ لمحہ فکریہ ہے کہ بعض رہنماؤں نے رابطے کے باوجود ان سے ملاقات سے انکار کیا ہے ۔ انہیں مستقبل میں اس سے بد تر صورتحال سے بچنے کیلئے اپنی پالیسیوں پرنظر ثانی کرنا ہو گی اور اپنی سیاسی مستقبل کے حوالے سے واضح اعلان کرنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :