صوبائی وزیر خوراک و صحت جام مہتاب حسین ڈھر کا آٹے کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق خبروں کا سخت نوٹس

جمعرات 13 نومبر 2014 20:41

کراچی( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 13نومبر 2014ء )صوبائی وزیر خوراک و صحت جام مہتاب حسین ڈھر نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق خبروں کا سخت نوٹس لیا ہے ۔ جمعرات کو جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے گندم کی درآمد پر 20 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی کو بہانہ بنا کر منافع خور اور مافیا آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کا منصوبہ بنارہی ہے لیکن محکمہ خوراک سندھ اس مافیا کے خلاف سخت اقدامات کرے گا اور عوام کو ان کے شکنجے سے نجات دلائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ روس اور یوکرائن سے 6.5 لاکھ میٹرک گندم بغیر ریگولیٹری ڈیوٹی کے درآمد کی گئی ہے اور اس وقت بھی سرکاری گوداموں میں 12 لاکھ میٹرک ٹن گندم موجود ہے جبکہ نجی شعبہ کے پاس 6 لاکھ ٹن گندم کا ذخیرہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ کی اگلے 4 سے 5 ماہ کی ضرورت 12 لاکھ سے لیکر 13 لاکھ میٹرک ٹن ہے جبکہ سرکاری اور نجی شعبہ میں مجموعی طور پرروس اور یوکرائن کی گندم ملا کر 24 لاکھ ٹن گندم موجود ہے ۔

اس صورتحال میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کی خبریں بلا جواز اور عوام کے خلاف سازش کا حصہ ہیں ۔ جام مہتاب حسین ڈھر نے مزید کہا کہ حکومت آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی اور انہوں نے سندھ کے تمام کمشنرز اور متعلقہ انتظامیہ کو بھی ہدایت کی کہ وہ آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں اور عوام کو اس منافع خور مافیا سے نجات دلائیں ۔