عالمی بینک نے پاکستان میں تعلیم ، صحت اور آبپاشی کے منصوبوں کیلئے 45 کروڑ 10لاکھ ڈالرز کی منظوری دیدی،13 کروڑ ڈالر سرحد، 10کروڑ پنجاب، 10کروڑ سندھ جبکہ 2کروڑ پولیو کے خاتمے کے منصوبوں پر خرچ ہوں گے

ہفتہ 9 جون 2007 14:30

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9جون۔2007ء) عالمی بینک نے پاکستان میں تعلیم، صحت اور آبپاشی کے لئے 45کروڑ دس لاکھ ڈالرز کے قرضے کی منظوری دیدی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی بینک کے واشنگٹن میں جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صوبہ سرحد میں تعلیم اور صحت کے لئے تیرہ کروڑ ڈالر، پنجاب میں تعلیم اور آبپاشی کے لئے دس کروڑ ڈالر مختص کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

سندھ میں تعلیم کے لئے دس کروڑ ڈالر جبکہ دو کروڑ گیارہ لاکھ ڈالر کی اضافی رقم ملک میں پولیو کے خاتمے کے لئے فراہم کی جائے گی۔ عالمی بینک کے ڈائریکٹر برائے پاکستان پشپا کروکس نے کہا ہے کہ گزشتہ چند سال کے دوران پاکستان میں غربت کم ہوئی اور ہیومن ڈویلپمنٹ اینڈیکیٹرز میں بہتری آئی ہے لیکن اس کے باوجود تعلیم ، صحت اور زرعی شعبے میں توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے مجموعی طور پر صرف 52 فیصد بچے پرائمری سکول جاتے ہیں۔