پولیو کا خاتمہ صوبائی نہیں بلکہ قومی مسئلہ ہے ،جام مہتاب حسین ڈھر

جمعہ 14 نومبر 2014 16:47

کراچی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 14نومبر 2014ء) صوبائی وزیر برائے خوراک اور صحت جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا ہے کہ سندھ پولیو ایمرجنسی آپریشنل سیل نے کراچی میں 11 یونین کونسلز کی نشاندہی کی ہے جہاں سے پولیو کے 23 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ان یونین کونسلز میں ہر ہفتے تین دنوں کے لئے پولیو مہم چلائی جارہی ہے ۔ یہ بات انہوں نے اسمبلی اجلاس کے بعد سندھ اسمبلی کے احاطے میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ پولیو صرف سندھ کا ہی نہیں بلکہ ایک قومی مسئلہ ہے اور ہر شخص کی ذمہ داری ہے کہ وہ وفاقی سطح سے لیکر یوسی کی سطح تک پولیو کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کرے اور حکومت سندھ صوبے کو پولیو سے فری بنا نے کے اپنے عزم پر قائم ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے ہمیں تمام اسٹک ہولڈرز ‘ مقامی انتظامیہ ‘ پاپو لیشن ویلفیئر ‘ محکمہ تعلیم ‘ ڈبلیو ایچ او ‘ یونیسیف ‘ روٹری اور بی جی ایم ایف کا تعاون حاصل ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی سمیت پورے سندھ میں پولیو کی کوریج 95 فیصد ہے تاہم کراچی میں چند مسائل کا سامنا ہے ۔ آزاد ذرائع کے مطابق سندھ میں کبھی بھی پولیو کی کوریج 95 فیصد سے کم نہیں رہی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم مذہبی اداروں‘ مساجد کے امام اور مقامی بااثر افراد کی مدد سے پولیو مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی کی آبادی دوکروڑ افراد سے زائد ہے اور اس میں پولیو کے قطرے پلوانے کے لئے بچوں کی تعداد 188 یونین کونسلز میں 2.4 ملین ہے ۔

صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ پولیو کے ساتھ ساتھ ہماری توجہ دیگر ویکسنیشن پربھی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تین روزہ پولیو مہم کے دوران لاڑکانہ میں 45 یونین کونسلز میں 294230 بچوں کو ‘ جیکب آباد میں 218103‘ جامشورو میں 595341 ‘ ٹنڈو الہ یار میں 147158 ‘ گھوٹکی میں 170843 ‘ حیدرآباد میں 311794 ‘ کشمور میں 216746 اور کراچی میں 526500 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ہیں جبکہ کراچی کی بقیہ 11 یونین کونسلز میں پولیو مہم 15 نومبر سے شروع کی جارہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :