اسلامی یونیورسٹی،مسلح افواج کے آئمہ و خطباء کے لیے تربیتی کورس اختتام پذیر،صدرجامعہ نے شرکا میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کیے

ہفتہ 15 نومبر 2014 14:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 15نومبر 2014ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی دعوة اکیڈمی کے زیر اہتمام مسلح افواج کے آئمہ و خطباء کے لیے تربیت کردہ 84 واں تربیتی کورس جامعہ کے فیصل مسجد کیمپس میں اختتام پزیر ہو گیا۔ اس کورس میں ملک بھر سے 45 آئمہ و خطباء نے شرکت کی جبکہ اس کورس کا دورانیہ 3 ماہ تھا۔ کورس کی اختتامی تقریب جامعہ کے فیصل مسجد کیمپس میں منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کی جبکہ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر امتیاز ظفر ، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سہیل حسن، کورس کوآرڈینٹرڈاکٹر ظہیر الدین بہرام ، اکیڈمی سٹاف اور کورس شرکاء بھی موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر الدریویش نے کہاکہ دعوت دین افضل ترین کام ہے اور دعوہ اکیڈمی ملک کے مختلف حصوں کے لوگوں کی دینی تربیت اور دینی تعلیمات میں اضافے کے لیے بامعنی کردار ادا کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ علماء و آئمہ معاشرے کا اہم ترین طبقہ ہیں جن پر معاشرے کی تشکیل منحصرہوتی ہے ۔ صدر جامعہ نے یہ بھی کہا کہ مسجد کا کردار اسلامی معاشرے میں کلیدی ہے کیونکہ یہ افراد میں اتحاد ، معاشرے میں امن و امان اور اسلام کے پیغامِ سلامتی کی ترویج میں کردار ادا کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ اسلام اعتدال کا دین ہے جس میں تشدد ، تعصب اور نسلی امتیاز کی سخت مخالفت ہے جبکہ ان تمام چیزوں کی بجائے تقویٰ ہی ایک مسلمان کا اہم اثاثہ ہوتا ہے ۔ ڈاکٹر الدریویش نے علماء پر زور دیا کہ ان کے کندھوں پر اہم ترین ذمہ داری عائد ہے اور بہتر طریقے سے اسلام کا پیغام دنیا کے کونے کونے تک پہنچا سکتے ہیں۔قبل ازیں ڈاکٹر ظہیر الدین بہرام نے کورس کی تفصیلی رپورٹ پیش کی ۔ جبکہ تقریب کے آخر میں صدر جامعہ نے شرکاء میں تکمیل کورس کے سرٹیفیکیٹ تقسیم کیے۔