بہاولپور،نجی ہسپتال میں زائد المعیاد انجکشن لگنے سے خاتون جاں بحق

ہفتہ 15 نومبر 2014 20:42

بہاولپور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 15نومبر 2014ء)جیل روڈ پر واقع نجی ہسپتال میں زائد المعیاد انجکشن لگنے سے صائمہ بی بی نامی خاتون جاں بحق ہو گئی ۔ عارف کالونی سینٹرل جیل روڈ کے رہائشی اورجاں بحق ہونے والی صائمہ بی بی کے شوہرمحمدعمران کا کہنا تھا کہ بچے کی پیدائش کے سلسلہ میں میں نے اپنی بیوی کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا لیکن بچے کی پیدائش کے آپریشن کے فوری بعد لگائے گئے غیر المعیاد انجکشن کی وجہ سے وہ جاں بحق ہو گئی ۔

اس بارے جب ہسپتال میں موجود انچارج اعجاز کاظمی سے پوچھا گیا تو اس نے انجکشن کی وجہ سے مریضہ کی حالت غیر ہونے کا اعتراف کرلیا جبکہ آپریشن کرنے والی ڈاکٹر جویریہ موقع سے فرار ہوگئیں ۔ای ڈی او ہیلتھ کو جب اس کی رپورٹ کی گئی تو انہوں نے ہسپتال کی رجسٹریشن کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا جبکہ ہسپتال انتظامیہ نے بھی ہسپتال کی رجسٹریشن نہ ہونے کا بھی اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ ای ڈی او کو ہسپتال کی رجسٹریشن کے لیے درخواست دے رکھی ہے ۔

(جاری ہے)

غیر رجسٹر ہونے کے باوجود ہسپتال میں زچہ بچہ سمیت دیگر موذی امراض کے آپریشن بھی کیے جارہے ہیں جبکہ ہسپتال کی صفائی اور غیر المعیاد ادویات کو چیک کرنے کے لیے محکمہ ای ڈی او کی جانب سے تاحال کسی قسم کی کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی ۔جاں بحق ہونے والی خاتون کے ورثاء نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ نومولود بچے سے ہسپتال کے ڈاکٹرز نے اس کی ماں چھین لی ہے جبکہ ڈاکٹرز کی غفلت بارے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے ۔ صائمہ بی بی کے خاوندمحمدعمران اور ورثاء نے سیکرٹری ہیلتھ اور وزیر اعلی پنجاب سے فوری طور پر نجی ہسپتال کو سیل کر کے غفلت کا مرتکب ڈاکٹرز کے خلاف کاروائی کی اپیل کی ہے ۔