جھنگ،خشک سردی بچوں اور بوڑھوں کیلئے وبال جان بن گئی۔جوان بھی مختلف موسمی بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے

ہفتہ 15 نومبر 2014 21:48

جھنگ (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 15نومبر 2014ء) موسم سرما کے آغاز سے اب تک جاری شدید خشک سردی بچوں اور بوڑھوں کیلئے وبال جان بن گئی ہے جبکہ نوجوان افراد کی بڑی تعداد بھی مختلف موسمی بیماریوں کا شکار ہو رہی ہے نیز علاج معالجہ کے باوجود افاقہ نہ ہو نے پر عوام الناس نے باران رحمت کیلئے دعائیں مانگنا شروع کر دی ہیں۔

(جاری ہے)

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش نہ ہونے اور خشک سردی کے باعث تمام عمر کے افراد میں گلے کی خرابی، کھانسی ، نزلہ ، بخار اور وائرل انفیکشن کے امراض میں اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ سردی سے بچنے کیلئے گرم کپڑوں کا مناسب استعمال اشد ضروری ہے تاہم سر اور گردن کو ضرور ڈھانپنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ ٹھنڈی ، تلی ہوئی یا کھٹی اشیاء کھانے سے گلا خراب ہو سکتا ہے جو بعد میں کھانسی، نزلہ اور بخار کا باعث بھی بنتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گلا خراب ہو نے کی صورت میں فوری طورپر نیم گرم پانی میں نمک ڈال کر غرارے کرنا مفید ہے تاہم بخار کی صورت میں فوری قریبی ڈاکٹر سے رجوع کیا جا ئے تاکہ بعد میں کوئی پیچیدگی پیدا نہ ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :