حالیہ بجٹ ایک دھوکہ ہے جس کا مقصد صرف مخصوص اور اعلیٰ طبقہ کو فائدہ پہنچانا ہے،قاضی حسین احمد، ملازمین کی تنخواہوں میں صرف ایک ہزار روپیہ اضافہ کیا گیا ہے، مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے، متحدہ مجلس عمل کے صدر کا جماعت اسلامی سندھ کے زیر اہتمام جامعة العلوم الاسلامیہ منصورہ ہالا میں ٹیلی فونک خطاب

اتوار 10 جون 2007 19:51

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جون۔2007ء) متحدہ مجلس عمل کے صدر و ا میر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد نے کہاہے کہ حالیہ بجٹ ایک دھوکہ ہے جس کا مقصد صرف مخصوص اور اعلیٰ طبقہ کو فائدہ پہنچانا ہے ۔ ملازمین کی تنخواہوں میں صرف ایک ہزار روپیہ اضافہ کیا گیا جبکہ اس کے مقابلے میں مہنگائی میں بے پناہ اضافہ کر دیا گیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ مہنگائی کے تناسب سے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے اتوارکے روز جماعت اسلامی سندھ کے زیر اہتمام جامعة العلوم الاسلامیہ منصورہ ہالا میں منعقدہ سہ روزہ تربیت گاہ برائے کارکنان کے آخری روز ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر صوبائی امیر اسد اللہ بھٹو ، راشد نسیم ، ممتاز سہتو ، حافظ نصر اللہ عزیز اور حافظ لطف اللہ بھٹو سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

قاضی حسین احمد نے کہاکہ ہماری تحریک ناجائز فوجی حکومت کے خاتمے کے لیے ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کی متفقہ رائے ہے کہ آزادانہ و غیر جانبدارانہ الیکشن کمیشن قائم کر کے انتخابات کرائے جائیں ۔ دستور پاکستان کو اکتوبر 1999ء والی اپنی اصل شکل میں بحال کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم عدلیہ کی آزادی کے حامی ہیں اور چیف جسٹس کے اقدام کی توثیق کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک کا کوئی بھی ادارہ محفوظ نہیں ہے ۔ دستور کی دھجیاں اڑائی جاتی ہیں اور حلف کی خلاف ورزی کی جاتی ہے ۔ موجودہ حکومت نے صوبائی خود مختاری کے تصور کو سرے سے ہی ختم کر دیاہے ۔ ملک بھر کی طرح سندھ کے عوام بھی صحت ، تعلیم ، صاف پانی ، بجلی سمیت زندگی کی بنیادی ضروریات سے محروم ہیں ۔ قاضی حسین احمد نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ گلی محلوں میں جا کر عوام کو حکمرانوں کے غیر قانونی اور اسلام و ملک دشمن اقدامات سے آگاہ کریں اور انہیں وڈیروں ا ور جاگیرداروں کی غلامی کی بجائے ایک خدا کی بندگی اور غلامی اختیار کرنے کا درس دیں ۔