ڈینگی کا خطرہ امسال کی طرح اگلے سال بھی موجود رہے گا ،حفاظتی اقدامات جاری رکھے جائیں‘ وزیر محنت و افرادی قوت

انسداد ڈینگی کیلئے انتظامیہ اور محکمہ صحت سمیت تمام سرکاری محکموں اور اداروں کی کوشش اطمیان بخش ہیں ‘راجہ اشفاق سرور

اتوار 16 نومبر 2014 17:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 16نومبر 2014ء) صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ انسداد لارواڈینگی اقدامات کیلئے تام محکموں اورمتعلقہ اداروں کے افسران اور نمائندے تندہی کے ساتھ اپنی کوششیں جاری رکھیں ، ان ڈور لاروا کی برآمدگی باعث تشویش ہے، رواں سال کی طرح اگلے سال کے لئے بھی ڈینگی کنٹرول کی موثر منصوبہ بندی کرکے اس پر عملدرآمد کی جامع حکمت عملی وضع کی جائے۔

انہوں نے یہ بات کمشنر آفس راولپنڈی کے کمیٹی روم میں منعقد ہ انسداد ڈینگی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ راجہ اشفاق سرور نے کہاکہ ڈینگی کا خطرہ اسی طرح اگلے سال بھی موجود رہے گا اس لئے تمام تر حفاظتی اقدامات کے ساتھ ساتھ ان عوامل پر گہری نظر رکھی جائے جن کو مدنظر رکھ کر زیادہ بہتر اور فعال انداز میں ڈینگی پر قابو پانے کے لئے اقدامات جار ی رکھے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی کے لئے انتظامیہ اور محکمہ صحت سمیت تمام سرکاری محکموں اور اداروں کی کوشش اطمیان بخش ہیں لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ جس حد تک ممکن ہو سکے لوگوں کو ڈینگی لاروا کے جان لیوا اثرات سے خبردار کرکے ان میں یہ شعور اجاگر کیا جائے کہ وہ ان ڈور لاروا تلفی کے لئے اپنے طور پر ہر ممکن کوششیں بروئے کار لائیں۔ اجلاس کے دوران حکومت کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی کمی سے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی پر سختی سے عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا ۔

سیکریٹری آرٹی اے اور ٹریفک پولیس افسران نے ٹرانسپورٹ یونین نمائندوں سے ہونے والے اجلاسات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات نچلی سطح تک جائیں اور شہریوں کو ریلیف حاصل ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :