وزیراعلیٰ پنجاب سے توانائی سے وابستہ سعودی گروپ کے صدر کی ملاقات، کوئلے اورسولر کے منصوبوں میں سرمایہ کاری میں اظہار دلچسپی ، توانائی کے بحران سے قومی معیشت سمیت صنعت ، زراعت ، تعلیم، صحت اور دیگر شعبے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں ،حکومت توانائی بحران کے جلد خاتمے کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کررہی ہے ،غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں دے رہے ہیں ،سعودی گروپ کی جانب سے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں اظہار دلچسپی کا خیر مقدم کرتے ہیں،وزیراعلیٰ شہبازشریف

پیر 17 نومبر 2014 22:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17نومبر 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں توانائی کے شعبہ سے وابستہ سعودی گروپ کے صدرو چیف ایگزیکٹو آفیسر انور علیتانی نے ملاقات کی-ملاقات میں پنجاب میں توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت ہوئی-سعودی سرمایہ کار گروپ نے پنجاب میں کوئلے اور سولر سے بجلی کے حصول کے منصوبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا- وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کو درپیش توانائی کے بحران سے معیشت سمیت تعلیم ،صحت ، زراعت ، صنعت اور دیگر سماجی شعبوں پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں - بجلی کی کمی کے مسئلے سے صنعتی و تجارتی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں-حکومت توانائی بحران کے جلد خاتمے کے لئے سنجیدگی سے اقدامات کررہی ہے-توانائی کے منصوبوں پر تیزرفتاری سے کام کررہے ہیں-انہوں نے کہاکہ پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان تاریخی ،برادرانہ اور دوستانہ تعلقات موجود ہیں-سعودی گروپ کی جانب سے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں اظہار دلچسپی کا خیر مقدم کرتے ہیں- انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں فراہم کررہی ہے -پنجاب میں سولر سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے -صوبے میں چھوٹے سولر منصوبے لگانے کے حوالے سے مقامات کی نشاندہی کر لی گئی ہے-انہوں نے کہاکہ کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے لیے تیز رفتاری سے کام کیا جا رہاہے- سعودی سرمایہ کار گروپ کے صدر انو ر علیتانی نے کہاکہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کے عزم اور جذبے کو دیکھ کرپنجاب میں توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں-