اپوزیشن لیڈر کی غیر حاضری کے باعث ان کی منظور شدہ قرارداد کی روشنی میں کمیٹی نہیں بن سکی ،اسپیکر سندھ اسمبلی ،

تھرپارکر میں بچوں کی ہلاکت کی تحقیقات ہونی چاہیے اور محکمہ صحت کو اس سلسلے میں اقدامات کرنے چاہئیں،آغا سراج درانی کی میڈیا سے بات چیت

منگل 18 نومبر 2014 20:39

کراچی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 18نومبر 2014ء) اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر شہریار مہر خود گذشتہ روز اسمبلی کے اجلاس سے غیر حاضر تھے ۔اسی بناء پر ان کی منظور شدہ قرارداد کی روشنی میں کمیٹی نہیں بن سکی ہے۔ تھرپارکر میں بچوں کی ہلاکت کی تحقیقات ہونی چاہیے اور محکمہ صحت کو اس سلسلے میں اقدامات کرنے چاہئیں۔

وہ منگل کو سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔

(جاری ہے)

آغا سراج درانی نے کہا کہ اسمبلی میں قواعد و ضوابط کے تحت تمام کارروائی کی جارہی ہے۔ اپوزیشن لیڈر کی تھرپارکر کے حوالے سے منظور شدہ قرارداد کے تحت پارلیمانی پارٹیوں کے ارکان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے۔ خود اپوزیشن لیڈر گذشتہ روز اجلاس سے غائب تھے، اس بناء پر کمیٹی کو حتمی شکل نہیں دی جاسکی۔ ایک سوال کمے جواب میں انہوں نے کہا کہ تھرپارکر میں بچوں کی اموات تشویش ناک بات ہے۔ اس کی انکوائری ہونی چاہیئے۔ انکوائری سے قبل کسی پر الزامات لگانا درست نہیں ہے۔ محکمہ صحت کے پاس وسائل اور فنڈز موجود ہے۔ وہ اس کی تحقیقات کرائے تو حقائق سب کے سامنے آجائیں گے۔