پاکستان میں پہلی بار ہڈیوں کے ماہرڈاکٹروں کی تنظیم پاکستان آرتھوپیڈک ایسوسی ایشن نے کراچی میں مزار قائد کے سامنے وزیر ٹراما میں مفت آرتھوپیڈک کلینک قائم کرکے اس کا افتتاح کردیا

بدھ 19 نومبر 2014 18:34

کراچی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 19نومبر 2014ء) پاکستان میں پہلی بار ہڈیوں کے ماہرڈاکٹروں کی تنظیم پاکستان آرتھوپیڈک ایسوسی ایشن نے کراچی میں مزار قائد کے سامنے وزیر ٹراما میں مفت آرتھوپیڈک کلینک قائم کرکے اس کا افتتاح کردیاہے جہاں پر جمعہ اوراتوار کے علاوہ اب روزانہ دن ایک سے شام 4 بجے تک کلینک کھلا رہے گا لیکن معائنہ پہلے سے اپائنمنٹ لینے کے بعد ہوگا۔

کلینک کا افتتاح پاکستان آرتھوپیڈک ایسوسی ایشن کے صدرو ڈاوٴ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے آرتھوپیڈک ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد پرویز نے کیا۔اس موقع پر پروفیسر جوکھیو، پروفیسر وزیر شیخ ، پروفیسر مسعود عمر آغا خان اسپتال ، ڈاکٹر غلام مصطفی اور جوائنٹ سیکریٹری ڈاکٹر نعیم الحق سمیت دیگر ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

پروفیسر پرویز انجم نے کہاکہ ہڈیوں کی بیماریوں میں مبتلا ضرورت مند اور غریب مریضوں کوان کی عزت نفس مجروع کیے بغیر سینئر ڈاکٹرز کی مفت خدمات فراہم کرنے کے لیے پاکستان میں پہلی بار ہڈیوں کے ڈاکٹرز کی تنظیم پاکستان آرتھوپیڈک ایسوسی ایشن نے کراچی میں مفت آرتھوپیڈک کلینک قائم کیا ہے جہاں پر اب روزانہ کی بنیادوں پرمریضوں کامعائنہ کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایاکہ کلینک میں اسٹنٹ پروفیسرز اور اس سے سینئر ڈاکٹرز موجود رہیں گے۔ دو خواتین آرتھوپیڈک سرجنز بھی دستیاب ہوں گی ۔انہو ں نے کہاکہ پاکستان میں 45سال سے زیادہ عمر خواتین اور 60سال سے اوپر مرد حضرات کی اکثریت مختلف ہڈیو ں کے امراض میں مبتلا ہیں ۔ جبکہ اس سے کم عمر کے لوگوں میں شرح امرا ض کم ہے ۔ان کا کہنا تھاکہ ہڈیوں کی بیماریاں عمر کے ساتھ بڑھتی ہیں اور ہمارے ملک میں کمر اور گھٹنے کے جوڑوں کے مسائل زیادہ ہیں ان شکایات کی صورت میں معمولات زندگی متاثر ہوتی ہیں اور فریکچر او رمعذوری کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ۔

اسلئے احتیاطی تدابیر اختیا ر کرکے ان بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ اآرتھوپیڈک کلینک میں معائنہ پہلے سے اپائنمنٹ لینے کے بعد ہو گا جس کیلئے مریض پاکستان آرتھوپیڈک ایسوسی ایشن کے دفتر واقع پی ایم اے ہاوٴس یا ٹیلی فون نمبر 02132294825 یا موبائل نمبر 0311-31297150 پر روزانہ صبح سے شام کے اوقات میں رابطہ کر سکتے ہیں۔ کلینک میں ضرورت مند اور غریب مریضوں کو بالکل مفت معائنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

ان کا کہناتھاکہ نجی کلینک میں ہڈیوں کے ڈاکٹروں کی فیس1500سے 2 ہزار روپے ہے لیکن یہاں پر یہ سہولت مفت فراہم کی جائیگی۔ان کاکہناتھاکہ مستقبل میں مزید وسائل ملنے پر کلینک میں مفت معائنے کے ساتھ ایکسرے اور دواوٴں سمیت مفت علاج بھی فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کلینک میں ہڈیوں کی جملہ بیماریوں بشمول جوڑوں و ہڈیوں کا درد، کمر کی تکلیف، فریکچر، عرق النساء، گردن کی تکلیف، مہروں کی تکلیف، ہڈیوں و جوڑوں کی سوزش اور بھربھرے پن میں مبتلا مریض بلا جھجھک رجوع کر سکتے ہیں جہاں ان کی عزت نفس مجروع کیے بغیر اور لائن میں لگے بغیر مفت معائنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کا پہلا مفت آرتھوپیڈک کلینک ہو گا۔ یہاں روزانہ 40سے 50 مریضوں کا مفت معائنہ کرنے کی گنجائش ہو گی۔پروفیسر انجم نے مزیدکہاکہ عام مریض کے پاس بڑے ڈاکٹرز کو نجی کلینکس یا اسپتالوں میں معائنہ کرانے کی فیس ہی نہیں ہوتی جبکہ سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کے رش کی وجہ سے وہ بڑے ڈاکٹرز کے پاس بروقت پہنچ ہی نہیں پاتے جس کی وجہ سے کچھ کیسز میں جونیئر ڈاکٹرز نے اگر غلط تشخیص کر دی تو اس سے نہ صرف مرض بڑھ جائے گا بلکہ اس میں پیچیدگی پیدا ہونے اور موت کے امکانات بھی کئی گنا بڑھ جاتے ہیں۔

پروفیسر پرویز انجم کا کہناتھاکہ اگرباالخصوص ہڈیوں کی بیماری کی صحیح تشخیص ابتدائی مرحلے پر ہو جائے تو مریضوں کو معذوری اور فریکچرز سے بچایا جا سکتا ہے۔ اگرصرف فریکچرز کا وقت پر علاج نہ ہو تو اس کی پیچیدگیاں بڑھ جاتی ہیں۔ حتیٰ کہ عضو کاٹنا بھی پڑ جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ مستقبل میں فری آرتھو پیڈک کلینک کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلا یا جائے گا اور غریب مریضوں کو ادویات اورٹیسٹ کی سہولیات بھی دی جائیں گی ۔

متعلقہ عنوان :