تھر کے بچوں کوبھوک نہیں اقتدار کی بھوک نے مارا ہے،ناصراقبال خان

بدھ 19 نومبر 2014 22:24

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 19نومبر 2014ء) ہیومن رائٹس موومنٹ کے مرکزی صدرمحمدناصراقبال خان ،سیکرٹری جنرل محمدرضاایڈووکیٹ،سینئر نائب صدورفاروق چوہان،آصف چٹھہ ،میاں زاہدلطیف،صدرمدینہ منورہ سرفرازخان نیازی،صدرکراچی یونس میمن ، صدربلوچستان کامران خان بازئی ،صدرپنجاب محمدیونس ملک،نائب صدورپنجاب مہرمحمدسلیم، شیخ طلال امجد ،صدر فیصل آبادندیم مصطفی اورصدرچنیوٹ راناشہزادٹیپو نے کہا ہے کہ تھر کے بچوں کوبھوک نہیں اقتدار کی بھوک نے مارا ہے ۔

پاکستان دنیا کاواحدبدنصیب ملک ہے جہاں لیپ ٹاپ تومفت تقسیم ہوتے ہیں مگر کسی بھوکے کوخوراک اوربیمارکودوانہیں ملتی ،جہاں ثقافت کے نام پرسندھ حکومت کی سرپرستی میں جشن بے حیائی منایا گیا جبکہ اہلیان تھر کوگندم کی بوریوں میں مٹی بھجوائی گئی۔

(جاری ہے)

ایک طرف تھر میں بھوک اوردوسری طرف بیماریوں کاراج ہے ،کچھ خوراک اورکچھ ادویات نہ ملنے سے مررہے ہیں۔

حکمرانوں کوتھر کے بچوں کی بجائے اپنا اپنااقتداربچانے کی پڑی ہے۔تھر میں مارے جانیوالے بچوں کے ورثا حکمران طبقات کی بے حسی کارونارورہے ہیں مگران میں سے کوئی اشک شوئی کیلئے ان کی دہلیز پرجانے کیلئے تیار نہیں۔وہ ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔محمدناصراقبال خان نے مزید کہا کہ ایوان صدر، وزیراعظم ہاؤس ،چاروں صوبوں کے گورنراوروزیراعلیٰ ہاؤس کے ایک دن کے فنڈز سے اہلیان تھر کومسلسل کئی مہینوں کی خوراک فراہم کی جاسکتی ہے۔

حکمرانوں نے عوام کوبھوک ،بیماریوں اوربدامنی کے رحم وکرم پرچھوڑدیا جبکہ خود سرکاری پیسے پرعیش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ہم وطنوں کی محرومیوں کاڈھنڈورا پیٹ کر بیرونی قوتوں سے بھاری فنڈزوصول کرنیوالی نام نہاد این جی اوز بھی اہلیان تھر کی مجرم ہیں۔حکمرانوں کی کارکردگی اورکمٹمنٹ سب نے دیکھ لی لہٰذاء پاکستان کی ثروت مندشخصیات اورپاک افواج اہلیان تھر کی مدداوربحالی کیلئے اپناکرداراداکریں۔

متعلقہ عنوان :